کشمیر: برفانی تودوں اور پتھر گرنے سے 15 افراد ہلاک، ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان

قاضی گنڈ میں واقع جواہر ٹنل میں 8 افراد بشمول 6 پولس اہلکار/فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ اور دو عام شہری شامل تھے، جو برفانی تودے گرنے کہ وجہ سے ہلاک ہوگئے، اس حادثہ میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر میں گورنر انتظامیہ کی جانب سے حالیہ برف باری کے دوران ریاست بھر میں مختلف مقامات پر برفانی تودے اور پتھر گرنے سے جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین کے حق میں پانچ لاکھ روپے فی کس کے ایکس گریشیا ریلیف کا اعلان کیا۔ قاضی گنڈ علاقہ کے جواہر ٹنل میں 8 افراد بشمول 6 پولس اہلکار/فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ اور دو عام شہری شامل تھے، جو برفانی تودے گرنے کہ وجہ سے ہلاک ہوگئے۔ اس حادثہ میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں کانسٹبل ارشد گل ساکنہ تُلی نوپورہ کولگام، ہیڈ کانسٹبل مظفر احمد ساکنہ مُنی وارڈ اننت ناگ، کانسٹبل فردوس احمد بٹ (ڈرائیور فائراینڈ ایمرجنسی سروسز) ساکنہ وائی کے پورہ قاضی گنڈ، سلیکشن گریڈ کانسٹبل فیاض احمد پرے( فائرمین) فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ساکنہ چندیاں قاضی گنڈ، سلیکشن گریڈ کانسٹبل شبنم یوسف گنائی ساکنہ ہِلر کوکر ناگ، سلیکشن گریڈ کانسٹبل پرویز احمد ساکنہ آرم پورہ گاندر بل، وکرم سنگھ ولد کلویندر سنگھ ساکنہ سیلا تالاب اودہم پور اور بلجیت سنگھ ولد ہریش سنگھ ساکنہ ڈیرہ بابا نانک گردواس پور پنجاب شامل ہیں۔

جواہر ٹنل علاقہ سے برفانی تودوں کی زد میں آئے پولس اہلکاروں کو علاج و معالجہ کی سہولیات دستیاب کی جارہی ہیں اُن میں ایس پی او غلام نبی میر ساکنہ کولگام، ایس پی او محمد خلیل ساکنہ امو ویری ناگ اور سلیکشن گریڈ کانسٹبل محمد مقبول ساکنہ بانڈی پورہ شامل ہیں۔

کوکر ناگ کے سنڈ براری علاقہ میں برفانی تودے کی زد میں آنے سے بشیر احمد قریشی ولد نور محمد قریشی اور اس کی اہلیہ روشن جہاں جاں بحق ہوگئے۔ ضلع بارہ مولہ کے چیرہار علاقہ میں اسی طرح کے واقعہ میں عرفان احمد خان ولد غلام حسن خان جاں بحق ہوگئے۔

جموں صوبے میں سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر پتھروں کے گرنے کی وجہ سے دو افراد جا ں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ اس حادثہ میں دیگر دوافراد زخمی بھی ہوگئے۔ ہلاک شدگان میں کانگڑہ ہماچل پردیش کے پرمود منکوٹیہ اور مغربی بنگال کے سنجیت لاکرہ شامل تھے۔

بُبیل کشتواڑ کے کرن سنگھ ولد اشوک سنگھ جو برفانی طوفان میں پھنسے ہوئے تھے، کو جمعہ کے روز برف سے نکالا گیا۔ چنکھا ارناس کے پرویز احمد ولد فاروق احمد پتھروں کے گرنے کے ایک حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔

حکومت نے کشمیر اور جموں کے صوبائی کمشنروں سے کہا ہے کہ وہ زخمی افراد کو ایس ڈی آر ایف قواعد کے تحت ایکس گریشیا امداد فراہم کریں۔ ان حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر گورنر نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بچاؤ ٹیموں اور مقامی رضا کاروں کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے خراب موسمی حالات کے باوجود برف میں پھنسے لوگوں کی تلاش اور بچاؤ کارائیوں کو انجام دیا۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ان واقعات میں زخمی ہوئے افراد کے علاج و معالجہ کے لئے محکمہ صحت کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔