جموں و کشمیر: تین مختلف سڑک حادثات میں 10 افراد ہلاک، دیگر 42 زخمی

ضلع ادھم پور میں جمعہ کی رات دیر گئے ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 6 افراد ہلاک جبکہ دیگر 39 زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ حادثے کی شکار ہونے والی بس جموں سے سری نگر آرہی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی نصف شب سے ہفتہ کی صبح ساڑھے نو بجے تک پیش آئے تین مختلف سڑک حادثات میں 10 افراد ہلاک جبکہ دیگر 42 زخمی ہوگئے۔ یہ سڑک حادثات ادھم پور، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں پیش آئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع ادھم پور میں جمعہ کی رات دیر گئے ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 6 افراد ہلاک جبکہ دیگر 39 زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں ایک خاتون بھی شامل ہے، حادثے کی شکار ہونے والی بس جموں سے سری نگر آرہی تھی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں سے سری نگر کے لئے روانہ ہونے والی بس گذشتہ رات دیر گئے ضلع ادھم پور کے چنڈی میں ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں پانچ مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر 40 زخمی ہوگئے جنہیں نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں سے مزید ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سبھی زخموں کو بہتر علاج ومعالجہ کے لئے جموں منتقل کیا گیا ہے۔

ریاستی پولس کے مطابق حادثہ گذشتہ رات قریب 12 بجکر 15 منٹ پر پیش آیا۔ پولس کے ترجمان نے بتایا کہ 'سری نگر جانے والی ایک بس کو گذشتہ رات قریب 12 بجکر 15 منٹ پر چنڈی ادھم پور میں حادثہ پیش آیا۔ چونکہ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندیاں عائد تھیں، تو حادثے کا شکار ہونے والی بس کے ڈرائیور نے ٹریفک پولس کو چکمہ دینے کے لئے ایک متبادل اور اندرونی راستہ اختیار کیا تھا'۔

پولس ترجمان نے بتایا کہ حادثہ میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ 40 زخمیوں کو نزدیکی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا جہاں مزید ایک مسافر کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔

مہلوکین کی شناخت غلام احمد میر ساکن بارہمولہ، منظور احمد و محمد اقبال ساکنان شوپیاں، فاروق احمد و آسیہ بشیر ساکنان بانڈی پورہ اور جاوید احمد ساکن بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔ ریاستی پولس نے واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔

دریں اثنا پہاڑی ضلع کشتواڑ کے مغل میدان تحصیل میں ہفتہ کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک جبکہ دیگر تین زخمی ہوئے۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ کی صبح قریب 9 بجکر 40 منٹ پر ایک کار کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ دیگر تین زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے ضلع اسپتال کشتواڑ میں داخل کرایا گیا ہے۔

مہلوکین کی شناخت غلام حسن، بی بی دختر ایاز احمد اور جعفر حسین ساکنان کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ اس دوران جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ضلع رام بن میں تیل ٹینکر اور ایک ٹرک کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں گردیو سنگھ نامی ٹرک ڈرائیور کی موت واقع ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔