جموں ایئر فورس اسٹیشن: دھماکوں میں ڈرون استعمال ہونے کا خدشہ! 2 اہلکار زخمی، تمام تنصیبات کی سیکورٹی میں اضافہ

جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں کے جموں ایئر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل ایئریا میں گذشتہ رات پانچ منٹ کے وقفے کے اندر دو زوردار دھماکوں میں ایئر فورس کے 2 اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے

جموں ایئرفورس اسٹیشن / آئی اے این ایس
جموں ایئرفورس اسٹیشن / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں کے جموں ایئر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل ایئریا میں گذشتہ رات پانچ منٹ کے وقفے کے اندر دو زوردار دھماکوں میں ایئر فورس کے دو اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ دریں اثنا، ہائی سیکورٹی والے مقام پر دھماکوں کے بعد جموں ایئرفورس اسٹیشن اور دیگر اہم ترین تنصیبات کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پہلا دھماکہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب قریب ایک بجکر 45 منٹ پر ایک عمارت کی چھت پر ہوا جبکہ پانچ منٹ سے بھی کم وقت کے بعد ایک اور دھماکہ کھلے میدان میں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکوں سے ایک عمارت کو نقصان پہنچا اور ایئر فورس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کی شناخت ارونگ سنگھ اور ایس کے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔


انڈین ایئر فورس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا: 'جموں ایئر فورس اسٹیشن کے ٹیکنیکل ایئریا میں اتوار کی علی الصبح کم شدت والے دو دھماکے ہوئے۔ ایک دھماکے کی وجہ سے ایک عمارت کی چھت کو معمولی نقصان ہوا جبکہ دوسرا ایک کھلے میدان میں پھٹ گیا'۔

ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا: 'ساز و سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تحقیقات میں سول ایجنسیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے'۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ دھماکے ڈرونز کے استعمال سے کئے گئے ہیں۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے معاملے پر فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل ایچ ایس اروڑہ سے بات کی ہے۔ ایئر مارشل اروڑہ از خود جموں کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Jun 2021, 11:40 AM