جموں: پونچھ کے سرنکوٹ فوجی کیمپ میں پر اسرار فائرنگ، ایک جوان از جان تین زخمی

متوفی جوان کی شناخت سپاہی ابرار احمد جبکہ زخمی جوانوں کی شناخت سپاہی مکن سنگھ، نائیک خلیل احمد اور نائیک امتیاز احمد کے بطور ہوئی ہے۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں جمعے کی صبح ایک فوجی کیمپ میں پر اسرار فائرنگ کے واقعے میں ایک فوجی جوان جان بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں ایک فوجی کیمپ میں 156 ٹریٹوریل آرمی کے جوانوں کے درمیان فائرنگ کا ایک پر اسرار واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی جوان کی برسر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔

متوفی جوان کی شناخت سپاہی ابرار احمد جبکہ زخمی جوانوں کی شناخت سپاہی مکن سنگھ، نائیک خلیل احمد اور نائیک امتیاز احمد کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوجی اسپتال اودھم پور منتقل کیا گیا جہاں نائیک امتیاز احمد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جوانوں کو روڈ اوپنگ (آر او پی) ڈیوٹی کے لئے تعینات کیا جا رہا تھا۔ واقعہ پیش آنے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات کا انتظار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔