جھارکھنڈ: موب لنچنگ کے 10 مجرمین کو عمر قید کا فیصلہ امید کی کرن، جمعیۃ

مولانا محمود مدنی نے اس فیصلے کا استقبال کیا اورامید ظاہر کی کہ اس سے فرقہ پرستوں کے حوصلے پست ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے جھارکھنڈ ( تینو گھاٹ بوکارو) کی عدالت کے ذریعہ شمس الدین انصاری ہجومی تشدد مقدمہ میں سبھی دس مجرموں کو عمرقید کی سزا دینے کا خیر مقدم کیا ہے اور اس فیصلے کو ملک میں جاری نفر ت انگیز ماحول میں امید کی ایک کرن سے تعبیر کیا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ چند سالوں میں جھارکھنڈ میں مسلم اقلیت کے خلاف ہجومی تشدد کے کئی واقعات پیش آئے، اس درمیان سب سے افسوس کی بات یہ تھی کہ ضلعی حکام اور ریاستی سرکار کے چند ذمہ دار افراد کا رویہ نفرت پرستوں کے من مطابق تھا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے کئی حصوں میں فرقہ پرست عناصر منظم طریقے سے اقلیتوں بالخصوص دلتوں اور مسلمانوں کو کسی نہ کسی بہانے بھیڑ بنا کر نشانہ بنارہے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان عناصر کو ملک کے قانون کی گرفت کا کوئی خوف اور اپنی کرتوتوں پر کوئی افسوس نہیں ہے۔

مولانا مدنی نے اس تناظر میں امید ظاہر کی کہ گزشتہ ماہ رام گڑھ عدالت اور اب بوکارو عدالت کے فیصلوں سے فرقہ پرستوں کے حوصلے پست ہو ں گے اور ان کے لیے سامان عبرت ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ عدالت کے یہ فیصلے یقیناً زخموں پر مرہم کا کام کریں گے لیکن اس کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ مقتول کے اہل خانہ کو معقول معاوضہ دیا جائے۔ انھوں نے اس سلسلے میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلی سے مطالبہ کیا کہ وہ معقول معاوضہ کا اعلان کریں اور یقینی بنائیں کہ اس جیسے واقعات آئندہ رونما نہ ہوں۔

واضح ہو کہ دھنباد کے رہنے والے شمس الدین انصاری ماہ اپریل 2017ء میں نرا پنچایت ضلع بوکارو اپنے رشتہ کے پاس گئے تھے، جہاں غیر مسلموں کی ایک بھیڑ نے رشتہ دار کے گھر سے نکال کر بچہ چوری کے بہانے بڑی بے رحمی سے پیٹا تھا، جس میں دوران علاج ایک ہسپتال میں اس نے دم توڑ دیا، حالاںکہ شمس الدین جس دن آیا تھا اسی دن اس کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی تھی جس کی وجہ سے اسے اگلے دن تک وہاں ٹھہرنا پڑا۔

تقریباً ایک سال بعد تینو گھاٹ کی عدالت نے ان سبھی مجرمین کو عمر قید کی سزا کے ساتھ مالی جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ جن لوگوں کو سزاد ی گئی ہے اس میں کشور دسوندھی، سورج برنوال، چندن دسوندھی، ساگر توری، منوج تیوری، سونو تیو ری، جیتندر ٹھاکر، راج کما ر کوئری اور چھوٹیا کوئری شامل ہیں، ان پر چودہ چودہ ہزار روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے، جرمانہ نہ دینے پر چھ ماہ کی اضافی سزا ہو گی۔ جرمانے میں سے ایک لاکھ بیس ہزار روپے مقتول کے اہل خانہ کو دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Apr 2018, 8:43 AM