جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن اور جامعہ کوآپریٹو بینک کی جانب سے ’ہیومینٹی فرسٹ‘ ایمبولینس سروس کا آغاز
’ہیومینٹی فرسٹ‘ ایمبولینس سروس شدید علیل مریضوں کی اسپتال تک منتقلی کے ساتھ ساتھ میتوں کو اسپتال سے گھر یا قبرستان تک پہنچانے کی خدمات بھی انجام دے گی۔

نئی دہلی: حکومت دہلی کے وزیر برائے کوآپریٹو و سماجی بہبود رویندر سنگھ اندراج نے آج جامعہ کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کی سرائے جولینا برانچ سے ’ہیومینٹی فرسٹ‘ کے نام سے شروع کی جانے والی ایمبولینس سروس کا افتتاح کیا۔ وزیر نے ایمبولینس کے بیڑے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور اس اقدام کو سماج کی خدمت کے جذبے کی ایک بہترین مثال قرار دیا۔ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر رویندر سنگھ اندراج نے کہا کہ ایمبولینس اپنے آپ میں لوگوں کی مدد کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ جامعہ کوآپریٹو بینک نے سماج کے لیے جو نئی خدمت وقف کی ہے، وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبے کو بھی فروغ دیتی ہے۔ پیسے سے کبھی کسی کا بھلا نہیں ہوتا، اصل خدمت وہی ہے جو دل سے اور نیت کے ساتھ کی جائے۔
رویندر سنگھ نے مزید کہا کہ جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن اور جامعہ کوآپریٹو بینک نے ’ہیومینٹی فرسٹ‘ سروس کے ذریعہ ایک ایسا قدم اٹھایا ہے جس سے نہ صرف جامعہ نگر بلکہ پورا دہلی علاقہ مستفید ہوگا۔ یہ خدمت گرونانک جینتی جیسے مقدس دن کے موقع پر شروع کی گئی ہے، جو انسانیت، خدمت اور بھائی چارے کے پیغام کی علامت ہے۔
یہ سروس جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن کی پہل پر شروع کی گئی ہے تاکہ جامعہ نگر اور آس پاس کے علاقوں میں رہنے والے ضرورت مند افراد کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ’ہیومینٹی فرسٹ‘ ایمبولینس سروس شدید علیل مریضوں کی اسپتال تک منتقلی کے ساتھ ساتھ میتوں کو اسپتال سے گھر یا قبرستان تک پہنچانے کی خدمات بھی انجام دے گی۔

اس منصوبے کا خیال اقوام متحدہ کی جانب سے سال 2025 کو ’امداد باہمی کا عالمی سال‘ قرار دیے جانے سے متاثر ہو کر سامنے آیا۔ اس تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن نے جامعہ کوآپریٹو بینک سے 2 ایمبولینس فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر بینک نے فیاضی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ دونوں ایمبولینس فاؤنڈیشن کو بطور عطیہ پیش کر دیں۔ ابتدائی طور پر یہ سروس جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن کے ٹرسٹیز، ڈونرز، معاونین، بینک کے بورڈ ممبرز، شیئر ہولڈرز اور اکاؤنٹ ہولڈرز کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ جلد ہی اسے عوام کے لیے بھی معمولی چارجز پر 7 کلومیٹر کے دائرے میں وسعت دی جائے گی۔
جامعہ کوآپریٹو بینک کے چیئرمین مرزا قمر الحسن بیگ نے کہا کہ ’ہیومینٹی فرسٹ‘ دراصل بینک کے بانی مرزا فرید الحسن بیگ کے اس جذبۂ خدمت کا تسلسل ہے جو انہوں نے 1995 میں بینک کی بنیاد رکھتے وقت پیدا کیا تھا۔ بینک کا مقصد ہمیشہ اُن طبقات کو مالی سہارا فراہم کرنا رہا ہے جنہیں سرکاری یا پرائیویٹ بینک عموماً نظرانداز کر دیتے ہیں۔

اس افتتاحی تقریب میں جامعہ نیشنل فاؤنڈیشن کے چیئرمین مرزا قمر الحسن بیگ، معروف سماجی شخصیات، بینک کے اراکین اور مقامی معززین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے اس نئی خدمت کو جامعہ نگر کے لیے ایک نیک شروعات قرار دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔