ایشیائی کھیل LIVE: منجیت نے ہندوستان کی جھولی میں ڈالا ایک اور طلائی تمغہ

ایشیائی کھیلوں میں آج ہندوستان کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے الٹ پھیر کرتے ہوئے جاپان کو ہرا کر اپنا تمغہ یقینی بنا لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

28 Aug 2018, 6:43 PM

800 میٹر دوڑ میں منجیت کو ملا طلائی تمغہ، جانسن کو نقرئی

ہندوستان کے منجیت سنگھ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18ویں ایشیائی کھیلوں کے 10ویں دن مردوں کی 800 میٹر مقابلہ میں طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا ہے۔ دوسری طرف ہندوستان کے ہی جنسن جانسن نے اس مقابلے میں نقرئی تمغہ ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا ہے۔ منجیت کے ذریعہ حاصل کردہ طلائی تمغہ آج ہندوستان کا پہلا اور مجموعی طور پر 9واں طلائی تمغہ ہے۔

منجیت نے آج اپنی دوڑ 1 منٹ 46.15 سیکنڈ میں مکمل کی جب کہ جانسن نے 1 منٹ 46.35 سیکنڈ کا وقت لیا۔ 1962 کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ہندوستان نے ایتھلٹکس کے مقابلے میں طلائی اور نقرئی دونوں تمغے اپنے نام کیے۔

28 Aug 2018, 1:32 PM
بیڈمنٹن کے خاتون سنگلز خطابی مقابلہ میں سندھو کی شکست

ہندوستان کی معروف خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو بیڈمنٹن کے خاتون سنگلز خطابی مقابلہ میں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی تائی جو ینگ سے سیدھے سیٹوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود سندھو تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

پی وی سندھو ایشیائی کھیلوں میں نقرئی تمغہ حاصل کرنے والی پہلی ہندوستانی شٹلر بن گئی ہیں۔ ہندوستانی امیدوں کا بوجھ کندھے پر لیے میدان میں اتری سندھو کو پہلے گیم میں 21-13 سے شکست ملی۔ حالانکہ دوسرے گیم میں انھوں نے اپوزیشن کھلاڑی کو سخت ٹکر دی ہرا نہیں پائیں۔ اس گیم میں انھیں 21-16 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قابل ذکر ہے کہ تائی جو ینگ سے ہی ہار کر سائنا نہوال کو کانسے کے تمغہ پر صبر کرنا پڑا تھا۔

28 Aug 2018, 12:52 PM
خاتون اسکویش ٹیم نے تھائی لینڈ کو 3۔0 سے ہرایا

ہندوستانی خاتون اسکویش ٹیم نے یہاں منگل کے روز 18 ویں ایشیائی کھیلوں میں تھائی لینڈ کے خلاف اپنا گروپ بی میچ 3۔0 کے فرق سے جیت لیا۔

خاتون اسکویش ٹیم آج ہی کے دن پول بی کے اپنے دیگر میچ میں، میزبان انڈونیشیا کے ساتھ کھیلے گی جبکہ مرد ٹیم پول بی میں قطر کے خلاف کھیلنے اترے گی۔


28 Aug 2018, 11:50 AM
ہندوستانی خواتین نے تیراندازی میں چاندی کا تمغہ جیتا

ایشائی کھیلوں کے 10ویں روز ہندوستان کو پہلا تمغہ حاصل ہو گیا ہے۔ ہندوستان کی خاتون تیراندازوں نے کمپاؤنڈ ایونٹ میں یہ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ فائنل مقابلہ میں ہندوستان کی خاتون ٹیم جنوبی کوریائی ٹیم کے ہاتھوں ہار گئی۔ یہ پہلا موقع ہے جب کمپاؤنڈ ایونٹ میں ہندوستان کی خواتین نے سلور میڈل حاصل کیا ہے۔ انچیون میں 2014 کے ایشائی کھیلوں میں ہندوستان کی خاتون تیر اندازوں نے کانسہ کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

چاندی کے اس تمغہ کے ساتھ ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔ ہندوستان نے اب تک 8 طلائی، 14 چاندی اور 20 کانسہ کے تمغے حاصل کئے ہیں۔

ایشیائی کھیل LIVE: منجیت نے ہندوستان کی جھولی میں ڈالا ایک اور طلائی تمغہ
28 Aug 2018, 10:25 AM
پی وی سندھو تاریخ رقم کرنے سے ایک قدم دور

ایشیائی کھیل 2018 (Asian Games 2018) کا آج 10واں روز ہے اور ہندوستان کو پی وی سندھو، تیر اندازی ٹیم اور اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹوں سے تمغوں کی امیدیں ہیں۔

ایشیائی کھیلوں میں آج ہندوستان کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے الٹ پھیر کرتے ہوئے جاپان کو ہراکر اپنا تمغہ یقینی بنا لیا ہے۔

ایتھلیٹکس میں خواتین کی 200 میٹر میں اسٹار ایتھلیٹ ہیما داس اور دوتی چند نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ بیڈ منٹن میں خاتون شعبہ کے سنگلز فائنل میں پی وی سندھو کا مقابلہ آج چینی تائپے کی تایو جو ینگ سے ہونا ہے۔

گزشتہ روز ایشیائی کھیلوں کے 9ویں دن ہندوستان کے اسٹار بھالا پھینک ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ہندوستان کو 8 واں طلائی تمغہ دلایا۔ انہوں نے 88.06 میٹر بھالا پھینک کر تاریخ رقم کر دی۔ ایشایائی کھیلوں کے بھالا پھینک مقابلہ میں ہندوستان کو اس سے پہلے کبھی طلائی تمغہ حاصل نہیں ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔