جے رام رمیش کا مودی حکومت پر سخت حملہ، غزہ اور لبنان پر خاموشی کو اخلاقی بزدلی قرار دیا
کانگریس کے رہنما جے رام رمیش نے وزیر اعظم کی غزہ اور لبنان سے متعلق خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے اسے اخلاقی بزدلی قرار دیا، کہا کہ حکومت نے انسانی اقدار اور ہندوستان کی روایتی پالیسیوں سے انحراف کیا ہے

کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے غزہ اور لبنان کی صورتحال پر وزیر اعظم کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’اخلاقی بزدلی‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری کارروائیوں اور لبنان پر مسلسل بمباری کے باوجود حکومت کی خاموشی نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ یہ ہندوستان کی روایتی خارجہ پالیسی کے بھی خلاف ہے۔
جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ حکومت نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی بے دخلی اور نقل مکانی جیسے سنگین مسائل پر بھی کوئی واضح مؤقف اختیار نہیں کیا۔ ان کے مطابق، موجودہ حکومت نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ غیر معمولی یکجہتی دکھائی ہے، جو انسانی اقدار کے ساتھ ساتھ ملک کے تاریخی اصولوں سے انحراف کے مترادف ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لبنان میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں۔ حالیہ واقعہ میں ایک گھر پر بمباری کے نتیجے میں خاتون صحافی عمل خلیل شہید ہو گئیں۔ وہ جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں رپورٹنگ کے دوران پناہ لیے ہوئے تھیں جب ان پر حملہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس سے قبل ان کی گاڑی کے قریب بھی فضائی حملہ ہوا تھا جس میں دو افراد کی موت ہوئی تھی۔
ریسکیو ٹیموں کو بھی جائے وقوعہ پر بمباری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث امدادی کام عارضی طور پر روکنا پڑا۔ بعد ازاں لبنانی فوج، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کی مدد سے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد لاش ملبے سے نکالی گئی۔ عمل خلیل ایک طویل عرصے سے صحافت سے وابستہ تھیں اور جنوبی لبنان میں حالات کی رپورٹنگ کر رہی تھیں۔
لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جنگی جرم قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کسی صحافی کو نشانہ نہیں بنایا اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔