بی جے پی حکومت کے خلاف کسانوں کا دلچسپ مظاہرہ، گڈھے میں منائی دیوالی

راجستھان حکومت سے ناراض کسانوں نے اس مرتبہ عجیب و غریب انداز میں دیوالی منائی جو لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ انھوں نے گڈھے میں کھڑے ہو کر دِیا جلایا اور حکومت کو احساس دلانے کی کوشش کی کہ وہ اپنی زمین کسی بھی حال میں حکومت کے حوالے کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ دراصل راجستھان کے کسانوں کی زمین پر ریاستی حکومت کی نظر بد ہے اور وہ اپنی زمین کو بچانے کے لیے گزشتہ کئی دنوں سے گڈھوں میں کھڑے ہو کر احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس احتجاجی مظاہرہ کو کسانوں نے ’زمین سمادھی ستیاگرہ‘ کا نام دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کسانوں نے زمین میں اتنے بڑے گڈھے کر لیے ہیں کہ ان کا نصف سے زیادہ جسم کا حصہ اس کے اندر ہے اور اسی حالت میں انھوں نے اپنے آس پاس دِیئے جلا کر دیوالی منائی اور کسی طرح کی ہنگامہ آرائی نہیں کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گڈھوں میں کھڑے ہو کر دِیا جلانے اور دیوالی منانے کا یہ طریقہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین نے بھی اختیار کیا، بلکہ جو تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں ان میں زیادہ ترخواتین ہی نظر آ رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کسان جے پور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) کی مجوزہ ’نیندڑ رہائشی منصوبہ‘ کی مخالفت میں احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کسانوں نے اس احتجاجی مظاہرہ کا آغاز مہاتما گاندھی کے یومِ پیدائش یعنی 2 اکتوبر کو شروع کیا تھا جو ہنوز جاری ہے۔ انھوں نے تقریباً چار سے پانچ فٹ کے گڈھے تیار کر کے خود کو اس میں ڈال دیا ہے اور کچھ لوگوں کا صرف کندھا اور سر گڈھے سے باہر ہیں۔ جے ڈی اے نے اس گاؤں کے کسانوں کو زمین خالی کرنے کے لیے نوٹس دے رکھا ہے لیکن کسان اپنی زمین خالی کرنے کے لے کسی بھی صورت میں رضامند نہیں ہیں۔
اس معاملے میں حکومت کا کہنا ہے کہ تقریباً 1350 بیگھہ زمین 2010 میں ہی کالونی بنانے کے لیے منظور کی جا چکی ہے۔ لیکن کسانوں کا الزام ہے کہ حکومت ان کی زمین کو زیادہ قیمتوں میں فروخت کر کے کالونی بسانا چاہتی ہے۔ جو کسان حکومت سے معاوضہ نہیں لے رہے ہیں ان کا معاوضہ حکومت عدالت میں جمع کرا رہی ہے اور انھیں زمین سے بے دخل کرنے کا عمل آگے بڑھا رہی ہے۔ حکومت کہہ رہی ہے کہ کسان عدالت میں جمع معاوضہ لے لیں اور زمین خالی کر دیں۔ کسان اس کے لیے رضامند نہیں ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ زمین دینے سے بہتر تو یہی ہے کہ وہ خود زمین میں رہ کر اپنی جان دے دیں۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔