جئے پور: ٹرک اور جیپ میں شدید ٹکر، دولہا-دلہن سمیت 5 افراد ہلاک، 7 زخمی
رائسر تھانہ علاقے میں دوسا-منوہر پور نیشنل ہائی وے-148 پر یہ دردناک حادثہ پیش آیا۔ سبھی لوگ مدھیہ پردیش سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہو رہے تھے۔

ویڈیو گریب/یوٹیوب
راجستھان کے جئے پور میں بدھ کی صبح دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ جموارام گڑھ کے رائسر تھانہ علاقے میں بھٹکاباس گاؤں کے قریب ٹرک اور جیپ میں آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں نو شادی شدہ دولہا-دُلہن سمیت 5 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 6 سے 7 افراد زخمی ہیں۔ سواری گاڑی میں نوعروس جوڑا سمیت کنبہ کے قریب 14 سے 15 لوگ سوار تھے۔ اطلاع ملنے پر رائسر تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور مہلوکین اور زخمیوں کو ایمبولنس کی مدد سے اسپتال بھیجا گیا۔
تھانہ انچارج رگھوویر سنگھ راٹھور کے مطابق سبھی لوگ مدھیہ پردیش سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہو رہے تھے۔ اسی درمیان رائسر تھانہ علاقے میں دوسا-منوہر پور نیشنل ہائی وے-148 پر سواری گاڑی اور ٹرک میں ٹکر ہو گئی۔ حادثے کے بعد دوسا-منوہر پور ہائی وے پر جام لگ گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ پولیس نے پوری طرح سے تباہ سواری گاڑی اور ٹرک کو ہٹوا کر آمد و رفت شروع کروائی۔ مہلوکین کی لاش کو مورچری میں رکھوایا گیا۔ زخمیوں کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے پوسٹ میں لکھا کہ جئے پور میں سڑک حادثے میں لوگوں کی موت انتہائی غمناک ہے، ضلع انتظامیہ کے افسروں کو زخمیوں کے فوری اور بہتر علاج کے لیے ہدایت دی گئی ہے۔
مقامی لوگوں کا اس دردناک واقعہ پر کہنا ہے کہ دوسا-منوہر پور ہائی وے پر آئے دن سڑک حادثے ہو رہے ہیں۔ یکم جون کو بھی دوسا-منوہر پور ہائی وے پر حادثہ ہوا تھا جس میں چلپلی گاؤں کے پاس دھیراواس موڑ پر کھاٹو شیام جی مندر سے لوٹ رہے عقیدت مندوں کی کار اُلٹنے سے 5 خواتین سمیت 8 لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ 27 مئی کو بھی شدید سڑک حادثہ ہوا تھا جس میں 3 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ اس سے پہلے 21 مئی کو شدید سڑک حادثے میں بھی 3 لوگوں نے اپنی جان گنوا دی تھی جبکہ 3 زخمی ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔