پریاگ راج میں جین مندروں نے نافذ کیا ڈریس کوڈ، جینس، ہاف پینٹ یا عریاں لباس پہننے پر نہیں ملے گا داخلہ

مندروں میں نوٹس بورڈ لگائے گئے ہیں جن میں خواتین اور لڑکیوں سے خصوصی طور پر کہا گیا ہے کہ وہ اپنا سر چھپا کر مندر میں داخل ہوں، جینس، ہاف پینٹ، فراک اور کٹے پھٹے یا عریاں لباس پہن کر نہ آئیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں کئی ہندو مندروں کے ذریعہ بھکتوں کے لیے ’ڈریس کوڈ‘ نافذ کیے جانے کا معاملہ سامنے آ چکا ہے۔ اب پریاگ راج کے دگمبر جین مندروں نے بھی اسی طرح کا اصول اختیار کرتے ہوئے خواتین کے لیے ڈریس کوڈ نافذ کر دیا ہے۔ نوٹس بورڈ لگا کر کہا گیا ہے کہ صرف مہذب کپڑے پہن کر آنے والوں کو ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

پریاگ راج کے ’سکل جین سماج‘ نے زیرو روڈ واقع شری دگمبر جین پنچایتی مندر، انداوا میں رشبھ دیو تپوستھلی کے علاوہ کٹرا اور بینی گنج علاقوں کے مندروں میں عقیدتمندوں کو جینس، ہاف پینٹ، فراک، کٹے پھٹے کپڑوں کے ساتھ ساتھ بھڑکیلے یا عریاں لباس پہننے پر پابندی لگا دی ہے۔ اس سلسلے میں مندروں میں نوٹس بورڈ بھی لگائے گئے ہیں جن میں خواتین اور لڑکیوں سے خصوصی طور پر گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنا سر چھپا کر مندر میں داخل ہوں۔ وہ جینس، ہاف پینٹ، فراک، کٹے پھٹے کپڑوں کے ساتھ بھڑکیلے یا جسم کی نمائش کرنے والے کپڑے پہن کر نہ آئیں۔ صرف مہذب کپڑے پہن کر آنے والوں کو ہی مندر میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔


دگمبر جین سماج کے سکریٹری راجیش جین نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب سے کسی کو بھی مہذب کپڑوں میں ہی مندروں میں داخل ہونا چاہیے۔ اسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے ڈریس کوڈ نافز کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مندر میں آنے والے بھکتوں کو سر چھپا کر زیارت کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ پورے سیاہ کپڑے پہن کر داخلہ سے بچنا چاہیے۔ آئیے ہم ایک مہذب اور تعلیم یافتہ سماج کی قیادت کر کے ایک اچھی مثال قائم کرنے کی کوشش کریں۔

پارشوناتھ دگمبر جین مندر کے سکریٹری اکھلیش چندر جین نے کہا کہ جین طبقہ کے مشہور سنت آچاریہ ودیاساگر مہاراج نے بھی مہذب کپڑے پہننے والے بھکتوں کے داخلے کو یقینی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈریس کوڈ سے متعلق جانکاری مندر میں نوٹس بورڈ پر لگا دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اس طبقہ کے اراکین کو واٹس ایپ کے ذریعہ سے بھی جانکاری بھیج دی گئی ہے۔ جین سماج میں اہم شناخت رکھنے والے دنیش جین سمیت سماج کے اہم اراکین نے عقیدتمندوں سے مہذب لباس پہن کر مندر میں داخل ہونے کی گزارش کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔