جہانگیر پوری: جمعیۃ علماء ہند کی عرضی پر سپریم کورٹ کی فوری توجہ سے رُکا بلڈوزر، مولانا ارشد مدنی کا اظہارِ تشکر

جمعیۃ علماء ہند نے جہانگیر پوری کے حالات کو دیکھتے ہوئے عرضی داخل کی، اور سپریم کورٹ نے اس پر فوری مداخلت کرتے ہوئے انہدامی کارروائی پر موجودہ حالت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

مولانا ارشد مدنی تصویر / یو این آئی
مولانا ارشد مدنی تصویر / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

جہانگیر پوری میں ایم سی ڈی کے ذریعہ بلڈوزر چلائے جانے کی خبر ملنے کے بعد جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران متحرک ہو گئے تھے اور انھوں نے فوری طور پر سپریم کورٹ میں عرضی داخل کر دی۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر پوری میں بلڈوزر کی کارروائی پر فوراً روک لگانے کا حکم صادر کر دیا۔ اتنا ہی نہیں، اس تعلق سے 21 اپریل کو سماعت کرنے کا بھی اعلان کیا۔ سپریم کورٹ کی اس فوری مداخلت پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے اظہارِ شکر کیا ہے۔

جمعیۃ علماء ہند کے پریس سکریٹری فضل الرحمن قاسمی کے ذریعہ جاری ایک ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ جمعیۃ علماء ہند نے جہانگیر پوری کے حالات کو دیکھتے ہوئے عرضی داخل کی، اور سپریم کورٹ نے ڈائری نمبر 2022-11955 کے تحت اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دہلی کے جہانگیر پوری میں انہدامی کارروائی پر موجودہ حالت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ کی فوری مداخلت پر اظہارِ شکر کرتے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ہم عدالت کے اس ابتدائی حکم کا استقبال کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ فیصلہ ہمارے حق میں ہوگا۔


جمعیۃ کی طرف سے جاری مختصر ریلیز میں یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے سینئر وکیل کپل سبل عدالت میں پیش ہوئے۔ اس دوران جمعیۃ نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ملک میں نظامِ قانون بنائے رکھنے سے متعلق کسی بھی حکومت یا عدالت کے فیصلے کا استقبال کیا ہے اور آگے بھی کرتا رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔