نائب صدر کے عہدہ سے اچانک استعفی دینے والے جگدیپ دھنکھڑ نے شروع کر دی پیکنگ، جلد خالی کریں گے ’وی پی انکلیو‘ کا بنگلہ
74 سالہ جگدیپ دھنکھڑ گزشتہ سال اپریل میں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے پاس چرچ روڈ پر نئے تعمیر شدہ ’وی پی انکلیو‘ میں شفٹ ہوئے تھے۔ پیر کو خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

جگدیپ دھنکھڑ، تصویر آئی اے این ایس
مانسون اجلاس کے پہلے ہی روز نائب صدر کے عہدہ سے استعفیٰ دے کر سبھی کو حیران کرنے والے جگدیپ دھنکھڑ نے اپنا سامان پیک کرنا شروع کر دیا ہے۔ وہ جلد ہی اپنی سرکاری رہائش ’وی پی انکلیو‘ سے باہر نکلنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ سابق نائب صدر ہونے کے ناطے انہیں جلد ہی سرکاری بنگلہ الاٹ کر دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق جگدیپ دھنکھڑ نے استعفیٰ دینے کے اگلے روز ہی منگل کو اپنا سامان پیک کرنا شروع کر دیا تھا۔ 74 سالہ جگدیپ دھنکھڑ گزشتہ سال اپریل میں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے پاس چرچ روڈ پر نئے تعمیر شدہ ’وی پی انکلیو‘ میں شفٹ ہوئے تھے۔ نائب صدر کی رہائش اور دفتر کے لیے ’وی پی انکلیو‘ کی تعمیر سنٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت کی گئی تھی۔ وہ تقریباً 15 ماہ تک ’وی پی انکلیو‘ میں رہے۔
وزارت شہری ترقی کے ایک افسر نے منگل کے روز بتایا کہ ’’جگدیپ دھنکھڑ کو لٹینس دہلی یا کسی دیگر علاقہ میں ٹائپ 8 بنگلہ دیا جائے گا۔‘‘ ٹائپ 8 بنگلہ عام طور پر سینئر مرکزی وزراء یا قومی پارٹیوں کے صدور کو الاٹ کیا جاتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سابق نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کو خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔