’ٹھنڈی بھجیا‘ پر جبل پور میں وبال، کہا سنی کے دوران جین برادری پر قابل اعتراض تبصرے سے کشیدگی

فریقین کے درمیان زبردست کہا سنی کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے جین برادری کے لوگوں نے پولیس کے خلاف بھی نعرے بازی شروع کردی۔ بے قابو بھیڑ پر قابو پانے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کردیا۔

<div class="paragraphs"><p>مدھیہ پردیش پولیس (فائل تصویر)</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جبل پور کے کمانیا گیٹ علاقے میں جمعہ کی دیر رات زبردست وبال مچ گیا۔ یہاں کے مشہور بڑکُل سویٹس میں بھجیا کھانے گئے ایک تاجر کی کاؤنٹر پر بیٹھے منیجر سے کہا سُنی ہوگئی جس کے بعد منیجر نے دیگر اسٹاف کو بلایا اور تاجر کی پٹائی کردی۔ الزام یہ بھی ہے کہ اس دوران جین برادری کے خلاف قابل اعتراض تبصرے بھی کئے گئے۔ جس کے بعد کچھ ہی دیر میں جین برادری کے سینکڑوں لوگ دکان پر پہنچ گئے۔ وہیں اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچی۔ ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر پولیس نے حالات پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کردیا۔

خبروں کے مطابق راج کمار جین نامی تاجر نے بھجیا گرم نہ ہونے کی بات کہی تھی جس کو لے کردکان پر بیٹھے ملازم نے بحث کرنا شروع کردی۔ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کرگئی اور فریقین کے درمیان تنازع اس قدر طول پکڑگیا کہ بڑکل سویٹس کے ملازمین نے اپنے دیگر ساتھیوں کو بلاکر گاہک کی پٹائی کروادی۔ الزام ہے کہ اس دوران جین برادری کے خلاف بھی قابل اعتراض الفاظ کہے گئے جس کی وجہ سے معاملہ سنگین ہوگیا۔


مارپیٹ کے کچھ ہی دیر بعد جین سماج کے سینکڑوں لوگ موقع پر جمع ہوگئے اور جین برادری کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے والے کو حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کرنے لگے۔ بڑکل سویٹس کے باہر جمع ہونے والے سینکڑوں لوگوں سے بچنے کے لیے مبینہ طور پر مار پیٹ رنے والے لڑکوں نے اسی دکان میں چھپ کر اپنی جان بچائی۔ دوفریقوں کے درمیان تنازع کی خبر پاکر کئی تھانوں کی پولیس فورس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے جین برادری کے لوگوں نے پولیس کے خلاف بھی نعرے بازی شروع کردی۔ بے قابو بھیڑ پر قابو پانے کے لیے پولیس نے لاٹھیوں کا سہارا لیا اور وہاں موجود بھیڑ پر لاٹھی برسانا شروع کردی۔ پولیس اور جین برادری کے درمیان کافی دیر تک کشیدگی برقرار رہی۔ لاٹھیوں سے مسلح پولیس اہلکار کمانیا گیٹ سے لے کر کھویا منڈی اور بڑا فوارہ تک لاٹھی چارج کرتے رہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جین برادری پر ہوئے لاٹھی چارج میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔


وہیں معاملے میں پولیس نے 3 ملزمین کو حراست میں لینے کے ساتھ ہی پورے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ سیکورٹی کے پیش نظرعلاقے میں پولیس فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ جبل پور کا کمانیا گیٹ اور بڑا فوارہ علاقہ انتہائی حساس ہے اور اس علاقے میں ہزاروں جین خاندان آباد ہیں۔ اس سے قبل بھی اس علاقے میں جین برادری اور دیگر برادریوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں اور گروہی تصادم جیسے حالات پیدا ہوچکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔