جموں و کشمیر: دھماکہ سے کار کے پرخچے اڑے، سی آر پی ایف بس کو معمولی نقصان

سی آر پی ایف ذرائع نے کہا ’ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ یہ ایک سلنڈر دھماکہ ہوا ہے، سی آر پی ایف کانوائے جائے دھماکہ سے کچھ دوری پر تھی لہذا یہ حملہ نہیں لگتا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر ہفتہ کے روز ایک کار میں پُر اسرار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ سی آر پی ایف کی ایک گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

پولس ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح ایک کار سری نگر سے جموں کی طرف رواں دواں تھی کہ بانہال سے قریب سات کلومیٹر دور شاہراہ پر اس کار میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور ایک سی آر پی ایف گاڑی کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔ بیان میں کہا گیا کہ دھماکے سے سی آر پی ایف اہلکاروں کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔

حادثہ کے وقت سی آر پی ایف کا قافلہ بانہال رام بن سے گزر رہا تھا، سی آر پی ایف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس میں سی آر پی ایف کو کوئی نقصان نہیں ہوا ہے اور حادثہ کی جانچ چل رہی ہے۔

سی آر پی ایف ذرائع نے کہا 'ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ یہ ایک سلنڈر دھماکہ ہوا ہے، سی آر پی ایف کانوائے جائے دھماکہ سے کچھ دوری پر تھی لہذا یہ حملہ نہیں لگتا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں'۔

دریں اثنا سی آر پی ایف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر میں بانہال کے نزدیک قومی شاہراہ پرصبح کے قریب ساڑھے دس بجے ایک کار میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کار کو آگ لگ گئی جس کے سبب سی آر پی ایف کی ایک گاڑی کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔