بی جے پی دوبارہ جیتی تو پھر ملک میں کوئی چناؤ نہیں ہوگا: اکھلیش

اکھلیش نے کہا کہ اگر 2019 میں بی جے پی فتحیاب ہوتی ہے تو جمہوری نظام درہم برہم ہو جائے گا اور اس کے بعد کوئی انتخاب نہیں ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اٹاوہ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ملک کے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی کو ہرانے میں اگر ناکام ہوئے تو جمہوریت ختم ہو جائے گی اور سب کو پکوڑے بیچنے پر مجبور ہونا پڑسکتا ہے۔

سماجی انصاف و جمہوریت بچاؤ ملک بچاؤ سائیکل ریلی کے موقع پر جمعہ کو سیفئی پنڈال میں منعقد ایک ریلی کو مخاطب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ اگر 2019 میں بی جے پی فتحیاب ہوتی ہے تو پھر اس کے بعد کوئی انتخاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے پارٹی حامیوں سے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کا یہ آخری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ملک کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونک رہی ہے اور دلتوں کے خلاف کام کر رہی ہے۔

کھلیش نے مزید کہا ’’2019 ہمارے آپ کے لئے اچھا ہے لیکن اس پارلیمانی انتخاب میں ہم آپ کامیاب نہیں ہوئے تو ایک نالی اورکڑھائی ڈھونڈھ لیناجس پر پکوڑے بنانے کا کام ملکر کریں گے کیونکہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ نالی سے گیس نکلتی ہے جو لوگوں کو روزگار فراہم کرتی ہے۔‘‘

سائیکل یاترا کو کامیاب بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں سے شروع ہوئی یہ یاترا اب رکنے والی نہیں ہے یہ یاترا دہلی تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نہ صرف ملک کی جمہوریت کو خطرے میں ڈال رہی ہے بلکہ اس کو ختم کرنے کے در پے ہے اس لئے ہماری یہ یاترا جمہوریت کو بچانے کی یاترا ہے۔

سماجوادی سربراہ نے کہا کہ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں جب ایس پی ترقی کی بات کر رہی تھی تو اس وقت بی جے پی کے لوگ عوام کو بہکا رہے تھے اور اس میں وہ کامیاب ہو گئے لیکن اگلی بار وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ عوام اب بی جے پی کو جان چکے ہیں بی جے پی عوام سے لگاتار جھوٹ بول رہی ہے۔

اکھلیش نے کہا ’’ہمیں خوشی ہے کہ لوگ غازی پور سے چل کریہاں آئے ہیں۔ لوگ آگرہ۔ لکھنوء ایکسپریس وے کے بارے میں بات کر رہے ہیں کہ سڑک ہو تو ایسی، غازی پور بلیا تک کی جو سڑکیں ادھوری رہ گئی ہیں اسے آنے والے وقت میں سماج وادی لوگ ہی بنانے کا کام کریں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Sep 2018, 9:06 AM