راجستھان میں گرل فرینڈ کے لیے بیوی کا قتل

بی جے پی لیڈر روہت سینی کو بیوی کے قتل کے الزام میں اجمیر کے کشن گڑھ میں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے اپنی بیوی سنجو کو اپنی گرل فرینڈ ریتو سینی کے کہنے پر قتل کیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

راجستھان کے اجمیر میں بی جے پی کے ایک رہنما کو بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ 10 اگست کو پیش آیا جسے ڈکیتی کہنے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے اس قتل کے معمہ سے پردہ ا بہت جلد اٹھا دیا۔

پولیس کے مطابق بی جے پی لیڈر روہت سینی  پر الزام ہے کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ ریتو سینی کے کہنے پر اپنی بیوی سنجو کا قتل کیا۔ شروع میں روہت نے پولیس کو بتانے کی کوشش کی کہ کچھ نامعلوم  چور اس کے  گھر میں گھس آئے جنہوں نے سنجو کو قتل کر دیا اور قیمتی زیورات لے کر فرار ہو گئے، لیکن جب پولیس نے سخت پوچھ گچھ شروع کی تو روہت کے بیانات بار بار بدلنے لگے۔ اس تضاد کے بعد پولیس کا اس پر شک بڑھ گیا۔


ایڈیشنل ایس پی رورل دیپک کمار نے بتایا کہ جب ملزم سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے جرم کا اعتراف کرلیا۔ روہت نے بتایا کہ ان کے اپنی گرل فرینڈ ریتو کے ساتھ دیرینہ تعلقات تھے اور ان کی بیوی سنجو ان کے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی۔ ریتو نے سنجو کو راستے سے ہٹانے کے لیے اس پر دباؤ ڈالا تھا، اسی دباؤ میں روہت نے اپنی بیوی کا بے دردی سے قتل کر دیا۔

قتل کے بعد روہت نے پورے واقعہ کو ڈکیتی کا روپ دینے کا منصوبہ بنایا تاکہ پولیس کو گمراہ کیا جائے لیکن پولیس کی تیز نظر اور تیز رفتار تفتیش نے اس کی سازش کو بے نقاب کردیا۔اس  معاملے میں مرکزی ملزم روہت سینی کو پولیس پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔ اب جب تفتیش میں اس کی گرل فرینڈ ریتو کا ملوث ہونا سامنے آیا تو پولیس نے اسے بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس اب دونوں ملزمان سے گہرائی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا اس واقعہ میں کوئی اور بھی ملوث ہے یا نہیں۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’آج تک‘)