چندریان-2: امریکی ماہر فلکیات کو ’اِسرو‘ پر پورا بھروسہ، ’وِکرم‘ سے ضرور ہوگا رابطہ

ماہر فلکیات اسکاٹ ٹائلی نے 2018 میں امریکہ کے موسمیاتی سیٹلائٹ کو ڈھونڈ نکالا تھا۔ یہ امیج سیٹلائٹ ناسا کے ذریعہ 2000 میں لانچ کیا گیا تھا جس کے پانچ سال بعد اس سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی خلائی ادارہ اسرو چندریان-2 مشن کو مکمل طور پر کامیاب بنانے اور لینڈر ’وکرم‘ سے رابطہ کرنے کی لگاتار کوشش کر رہا ہے اور اب تو اس کی مدد کے لیے ناسا بھی سامنے آ چکا ہے۔ اس درمیان امریکی ماہر فلکیات اسکاٹ ٹائلی نے ٹوئٹ کر اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ اِسرو کے سائنسداں وکرم لینڈر سے رابطہ قائم کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

دراصل اسکاٹ ٹائلی نے 2018 میں امریکہ کے موسمیاتی سیٹلائٹ کو ڈھونڈ نکالا تھا۔ یہ امیج سیٹلائٹ ناسا کے ذریعہ 2000 میں لانچ کیا گیا تھا جس کے پانچ سال بعد اس سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔ لیکن اسکاٹ ٹائلی کی کوششوں کے بعد اس کو ڈھونڈ نکالا گیا تھا اور یہ ان کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔ انھوں نے اِسرو کے سائنسدانوں کی قابلیت پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اندر وہ صلاحیت ہے کہ وکرم لینڈر سے رابطہ قائم کر لیں۔


قابل ذکر ہے کہ لینڈر وکرم کی لینڈنگ کے بعد سے اب تک 6 دن گزر چکے ہیں لیکن اسرو کو اب تک اس سے رابطہ قائم کرنے میں کسی طرح کی کامیابی نہیں ملی ہے۔ اس کام میں اسرو کی مدد کرنے کے لیے امریکی خلائی ایجنسی ناسا بھی سامنے آئی ہے اور اس نے ریڈیو فریکوئنسی بھی چاند پر بھیجا ہے تاکہ وکرم سے رابطہ ہو سکے۔

اِسرو کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ امریکی خلائی ایجنسی نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کی جیٹ پروپلشن لیباریٹری (جے پی ایل) وکرم کو ریڈیو سگنل بھیج رہا ہے تاکہ لینڈر وکرم کے ساتھ رابطہ قائم ہو سکے۔ یہ کوشش 21-20 ستمبر تک جاری رہے گی۔ دراصل اس تاریخ کے بعد سورج کی روشنی اس جگہ سے ختم ہو جائے گی جہاں وکرم لینڈر کے ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔ سورج کی روشنی ختم ہونے کے بعد وکرم سے رابطہ کرنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔


بہر حال، اِسرو نے وکرم لینڈر سے رابطہ قائم کرنے کے لیے اپنے ڈیپ اسپیس نیٹورک یعنی ڈی ایس این کے ذریعہ لگاتار پیغامات بھیج رہا ہے۔ سائنسدانوں کو امید ہے کہ جلد از جلد کوئی خوشخبری ملے گی۔ یہاں قابل غور یہ بھی ہے کہ بنگلورو کے پاس بیالالو آئی ڈی ایس این بھی وکرم لینڈر سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش لگاتار کر رہا ہے۔ چونکہ ہندوستان کا چندریان-2 مشن بہت کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے والا تھا لیکن آخر وقت میں وکرم سے رابطہ منقطع ہو گیا، اس لیے پوری دنیا کے سائنسدانوں کی نظر اس بات پر ہے کہ وکرم سے رابطہ دوبارہ ہو پاتا ہے یا نہیں۔ اگر اس میں کامیابی مل گئی تو یہ اپنے آپ میں ایک بہت بڑا کارنامہ قرار دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Sep 2019, 11:10 AM