ایران پر اسرائیل کا حملہ: ہندوستان نے شہریوں کے لیے جاری کی ایمرجنسی ایڈوائزری
اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد ہندوستان نے اسرائیل میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے بچنے کی ہدایت دی ہے

تل ابیب میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل میں موجود ہندوستانی شہریوں کے لیے فوری طور پر ایک ہنگامی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ یہ ایڈوائزری اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کے بعد جاری کی گئی، جسے اسرائیلی حکومت نے ’نیشن آف لائنز‘ نامی آپریشن قرار دیا ہے۔
ایڈوائزری میں ہندوستانی شہریوں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی ہدایات پر عمل کریں، بلا ضرورت نقل و حرکت سے گریز کریں اور ممکن ہو تو قریبی حفاظتی شیلٹر کے قریب رہیں۔ سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ صورت حال انتہائی غیر یقینی اور خطرناک ہے، لہٰذا تمام شہری ہوشیار اور تیار رہیں۔
ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بھی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی حکام اور ہوم فرنٹ کمانڈ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔ پیغام میں کہا گیا، ’’موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ہندوستانی شہریوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے بچنے اور حفاظتی رہائش کے قریب رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔‘‘
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ شہری باقاعدہ اور مصدقہ ذرائع سے اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ہندوستانی مشن سے رابطہ کریں۔
ذرائع کے مطابق، اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام اور اپنی قومی سلامتی کو لاحق مبینہ خطرات کے پیش نظر یہ حملے کیے ہیں۔ حملوں کے بعد تہران میں زوردار دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ اسرائیل بھر میں سکیورٹی الرٹ جاری کر دی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فوجی کارروائی اسرائیل کے وجود کے تحفظ اور ایرانی خطرے کو کم کرنے کے لیے ناگزیر تھی۔ انہوں نے اسے ایک ’ٹارگٹڈ پری ایمپٹیو اسٹرائیک‘ قرار دیا۔
بعد ازاں، ایران کی جانب سے سے بھی اسرائیل پر ڈرونز اور میزائیلوں سے حملہ کیا گیا۔ ایران نے تصدیق کی ہے کہ اس نے حزب اللہ، حماس اور ایرانی سینئر عہدیداروں کی ٹارگٹ کلنگ کے ردعمل میں اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بوچھاڑ کی ہے۔ اس اچانک حملے سے اسرائیل میں خوف کی فضا پھیل گئی اور شہری بم شیلٹرز کی طرف دوڑ پڑے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔