کیا بی جے پی میں نتیش کے چہرے کو لے کر کوئی اختلاف ہے!

بہار بی جے پی کے صدر سنجے جیسوال نے کہا ہے کہ یہ ابھی طے نہیں ہے کہ سال 2020 میں کون وزیر اعلی کے عہدے کا دعویدار ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نتیش کمار آج جے ڈی یو اور این ڈی اے اتحاد حکومت کے وزیر اعلی ضرور ہیں لیکن یہ تصویر ابھی صاف نہیں ہے کہ اگلے سال ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں کون وزیر اعلی کے چہرے کا دعویدار ہوگا۔ نو منتخب بہار بی جے پی کے صدر سنجے جیسوال نے صاف طور پر کہا ہے کہ سال 2020 میں وزیر اعلی کا امیدوار کون ہوگا یہ پارٹی کے صدر امت شاہ طے کریں گے۔ یہ بات انہوں نے ایک ہندی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سنجے جیسوال نے کہا کہ ریاست میں اتحاد کی حکومت ہے اور اس حکومت میں سب برابر کے حقدار ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ بہار کے نائب وزیر اعلی اور بی جے پی کے سینئر رہنما سشیل مودی نے تو اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ نیتش کمار ہی ان کے کپتان ہوں گے تو سنجے جیسوال نے کہا کہ بی جے پی کے تمام فیصلے پارلیمانی بورڈ اور پارٹی کی مرکزی قیادت کرتی ہے جس کو ہم سب مانتے ہیں۔


بی جے پی این آر سی کو مدا بنانا چاہتی ہے اور جے ڈی یو کی رائے اس پر بی جے پی سے الگ ہے۔ اس پر سنجے جیسوال کا کہنا تھا کہ اگر بی جے پی اور جے ڈی یو کی ایک ہی رائے ہوتی تو پھر دو پارٹیوں کی کیا ضرورت ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہم دونوں پارٹیوں میں نظریاتی اختلاف ہیں۔

واضح رہے ایک جانب بہار میں بی جے پی اور جے ڈی یو ساتھ میں حکومت چلاتے ہیں دوسری جانب پڑوسی ریاست جھارکھنڈ میں دونوں ایک دوسرے کے خلاف انتخاب لڑتے ہیں۔ واضح رہے ڈاکٹر سنجے جیسوال کو بہار بی جے پی کا صدر 14ستمبر کو بنایا گیا تھا، سنجے جیسوال کا تعلق پسماندہ ذات سے ہے۔ جیسوال کے بیان سے لگتا ہے کہ ابھی بی جے پی میں اس بات پر اتفاق نہیں ہے کہ اگلے سال ہونے والے انتخابات میں نتیش کمار ہی وزیر اعلی کا چہرہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Sep 2019, 8:10 PM
/* */