’ممنوعہ راستے سے گزرنے کی کوشش کے دوران مزید ایک سپر ٹینکر میں دھماکہ‘، آئی آر جی سی کا دعویٰ
اسلامک ریولوشنری گارڈ کور کی بحریہ نے کہا کہ جہاز قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

آبنائے ہرمز میں ہفتے کے روز مزید ایک سپر ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جس کے بعد زوردار دھماکے کے ساتھ اس میں آگ لگ گئی۔ اسلامک ریولوشنری گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے کہا کہ جہاز قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسلامک ریپبلک نیوز ایجنسی (آئی آر این اے) نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعہ حادثے کی اطلاع دی۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والا ایک سپر ٹینکر، جس میں 20 لاکھ بیرل سے زیادہ خام تیل لدا ہوا تھا اور آبنائے ہرمز کے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ اس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔
ایران کی مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامک ریولوشنری گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے بتایا کہ ہفتے کے روز آبنائے ہرمز میں ایک سپر ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد جہاز میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ سپر ٹینکر نے اپنے تمام لوکیشن ٹریکنگ اور رڈار سسٹم بند کر دیے تھے۔ آئی آر جی سی نے الزام لگایا کہ جہاز نے دھوکے سے آبنائے ہرمز کو عبور کرنے کی کوشش کی اور اسے امریکی فوج کی حمایت حاصل تھی۔
آئی آر جی سی کی جانب سے پہلے بھی خبردار کیا جا چکا ہے کہ نیویگیشن سسٹم بند کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ آئی آر جی سی کے مطابق آبنائے ہرمز بند ہے اور وہاں ایران کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مہر نیوز کے مطابق آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ جہاز نے ایرانی حکام کے ساتھ تال میل قائم کرنے کے بجائے اپنے ٹریکنگ آلات بند کر دیے اور امریکی فوجی تحفظ پر بھروسہ کیا۔ آئی آر جی سی کے مطابق یہی اس حادثے کی براہ راست وجہ بنی۔ آئی آر جی سی نے کہا کہ اگر ٹینکر نے مقررہ قواعد پر عمل کیا ہوتا اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا ہوتا تو اس طرح کے حادثے سے بچا جا سکتا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
