آئی آر سی ٹی سی معاملہ: دہلی ہائی کورٹ نے لالو خاندان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات طے کرنے کا حکم برقرار رکھا

دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس سورن کانتا شرما کی سنگل بنچ نے لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو کی عرضیاں خارج کر دیں اور ملزمین کے خلاف الزامات طے کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا۔

<div class="paragraphs"><p>لالو پرساد اور تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>
i

دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات (26 نومبر) کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو کی عرضیاں خارج کر دیں۔ ان عرضیوں میں آئی آر سی ٹی سی ہوٹل گھوٹالہ معاملے میں ان کے خلاف مجرمانہ الزامات طے کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جسٹس سورن کانتا شرما کی سنگل بنچ نے عرضیاں خارج کر دیں اور ملزمین کے خلاف الزامات طے کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا۔

یہ عرضیاں لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو نے راؤز ایونیو کورٹ کے خصوصی جج وشال گوگنے کے 13 اکتوبر 2025 کو جاری کردہ حکم کے خلاف دائر کی تھیں۔ اس حکم میں ان کے خلاف بدعنوانی، مجرمانہ سازش اور دھوکہ دہی سے متعلق جرائم کے الزامات طے کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ نے فوجداری نظر ثانی کی درخواستوں اور ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر روک لگانے کا مطالبہ کرنے والی عرضیوں پر سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو نوٹس جاری کیا تھا۔


اپنی عرضیوں میں لالو پرساد یادو اور ان کے اہل خانہ نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی قانونی حیثیت اور درست ہونے پر سوال اٹھائے تھے۔ انہوں نے دلیل دی تھی کہ استغاثہ ان کے خلاف الزامات طے کرنے کے لیے پہلی نظر میں معاملہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ رابڑی دیوی نے دلیل دی تھی کہ ٹرائل کورٹ نے ریکارڈ پر موجود مواد کو ٹھیک سے سمجھے بغیر محض قیاس آرائیوں کی بنیاد پر غلط طریقے سے ان کے خلاف الزامات طے کیے ہیں۔

تیجسوی یادو نے بھی ٹرائل کورٹ کے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے دلیل دی تھی کہ ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے کافی مواد موجود نہیں ہے۔ پہلی سماعت کے دوران لالو پرساد یادو کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی تھی کہ استغاثہ کی منظوری ملنے سے پہلے ہی چارج شیٹ داخل کر دی گئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی دلیل دی تھی کہ مبینہ لین دین سرکاری پالیسی کے مطابق کیے گئے تھے اور انہیں انسداد بدعنوانی قانون کے تحت جرم نہیں مانا جا سکتا۔


قابل ذکر ہے کہ یہ معاملہ 2004 سے 2009 کے درمیان کا ہے، جب لالو یادو وزیر ریل تھے۔ استغاثہ کے مطابق ان کی مدت کار میں انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) کے 2 ہوٹل مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لیز پر دیے گئے تھے۔ ایک ہوٹل آر جے ڈی سربراہ کے قریبی ساتھی اور اس وقت کے راجیہ سبھا رکن پریم گپتا کی اہلیہ سرلا گپتا کو الاٹ کیا گیا تھا۔ سی بی آئی کا دعویٰ ہے کہ ہوٹل الاٹمنٹ کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیاں بے نامی انتظام کے ذریعے لالو یادو کے خاندان سے وابستہ ایک کمپنی کو تقریباً 3 ایکڑ قیمتی زمین منتقل کیے جانے سے جڑی ہوئی تھیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔