ایرانی صدر حسن روحانی ہندوستان کے سہ روزہ دورے پر

صدر روحانی ایران کے دار الحکومت تہران سے نئی دہلی کے لئے روانہ ہو چکے ہیں جہاں سے وہ حیدرآباد پہنچیں گے، مکہ مسجد میں ان کا خطاب ایک تاریخ رقم کرنے جارہا ہے۔

تصویر یواین آئی اور ٹوئٹر
تصویر یواین آئی اور ٹوئٹر
user

یو این آئی

حیدرآباد: ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی 15فروری سے ہندوستان کا سہ روزہ دورہ کررہے ہیں۔ ان کے دورہ کاآغاز حیدرآباد سے ہوگا جس سے ہندوستان اور ایران دونوں ممالک کے درمیان ایک نئے عہد کا آغاز ہوگا کیونکہ صدر روحانی اپنے اس دورہ کے دوران 16فروری کو قطب شاہی دور میں تعمیر کردہ تاریخی مکہ مسجد میں نہ صرف نماز جمعہ ادا کریں گے بلکہ ایک عظیم اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔ مکہ مسجد میں ان کا خطاب ایک تاریخ رقم کرنے جارہا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق روحانی ایران کے دار الحکومت تہران سے ہندوستان کے لئے روانہ ہو چکے ہیں۔

قطب شاہی عہد کے پانچویں فرمانروا محمد قلی قطب شاہ نے تاریخی مکہ مسجد کو تعمیر کروایا تھا اور اس دور کی زبان فارسی تھی۔ اس طرح صدر ایران کا فارسی میں خطاب تاریخ کو دوہرانے کے مترادف ہوگا۔ حیدرآباد دکن کے چھٹویں نظام نواب میر محبوب علی خاں کے دور تک یہاں فارسی کو سرکاری زبان کا درجہ حاصل تھا اور تمام سرکاری کام کاج و دستاویزات فارسی میں ہی ہوا کرتے تھے۔

روزمرہ کے امور، شاعری اور ادبی خزینے میں فارسی کو بڑا دخل تھا۔ اس زمانہ کی عمارتوں کے کتبات بھی فارسی میں لگائے گئے تھے۔ آج بھی اس دور کے کئی نادر مخطوطات، کتابیں آرکائیوز میں رکھی گئی ہیں جو اس دور کی جھلک پیش کرتی ہیں۔

صدر ایران کے دورہ کے انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔ وہ 15فروری کی شام اپنی آمد کے فوری بعد حیدرآباد میں مسلم دانشوروں، علماء، مشائخ اور اکابرین سے خطاب کریں گے اور 16؍فروری کو مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے اور بعد نماز جمعہ اجتماع سے خطاب کریں گے۔

صدر روحانی کے اس دورہ میں نئی دہلی میں متعینہ ایرانی سفیر، حیدرآباد میں متعینہ قونصل جنرل کے ہمراہ ہوں گے۔ ساتھ ہی حکومت تلنگانہ کے اعلیٰ افسران اور تمام مسالک سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیتیں بھی موجود رہیں گی۔

ڈاکٹر روحانی قومی سلامتی، نیوکلیر ڈپلومیسی، اقتصادی نظام، اسلامی، سیاسی فکر، خارجہ پالیسی، شیعہ ائمہ کی تاریخ، اسلامی انقلاب کی جڑیں اور چیلنج جیسے موضوعات پر 100 سے زائد کتابیں اور مقالے لکھ چکے ہیں۔ ممکن ہے کہ ایرانی صدر حیدرآباد کے تاریخی مقامات کا دورہ بھی کریں گے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد کے آرکیٹکٹ میرمومن ایرانی ہی تھے اور حیدرآباد کا تاریخی چارمینار، ایران کے مشہد میں واقع حضرت امام رضا ؑ کے روضہ کی طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔

توقع ہے کہ ایرانی صدر، گنبدان قطب شاہی میں مدفون قطب شاہی حکمرانوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں گے۔ حیدرآباد میں ایرانی تقریباً ساڑھے چار سو برس سے زائد عرصہ سے آباد ہیں اور وہ حیدرآبادی تہذیب کا ایک حصہ ہیں۔

ایرانی شہری حیدرآباد میں مقیم ہیں، جو تعلیمی اور تجارتی میدان میں آگے ہیں۔ صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی ایرانی برادری کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر قائدین کے ساتھ ملاقات کے موقع پر نئی علاقائی و عالمی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ایرانی صدر کے طور پر جائزہ حاصل کرنے کے بعد ان کا یہ پہلا دورہ ہند ہے۔

صدر ایران، مودی کے ساتھ باہمی اور علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے دوران روحانی اور ہندوستانی رہنما چابہار بندر گاہ کے مسئلہ پر بھی بات چیت کریں گےاور باہمی تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Feb 2018, 2:28 PM
/* */