اقبال انصاری کو پھر ملا دھمکی آمیز خط، ایودھیا میں دفعہ 144 نافذ

اقبال انصاری کو ایک بار پھر دھمکی آمیز خط بھیج کر مسجد-مندر کیس کو واپس لینے کو کہا گیا ہے۔ انصاری نے بتایا کہ خط سمستی پور کے بہار سے بھیجا گیا ہے اور بھیجنے والے کا نام للن یادو لکھا ہوا ہے۔

اقبال انصاری کو پہلے بھی دھمکی بھرے خط مل چکے ہیں۔ (فائل تصویر)
اقبال انصاری کو پہلے بھی دھمکی بھرے خط مل چکے ہیں۔ (فائل تصویر)
user

قومی آوازبیورو

ایودھیا: اترپردیش کے ایودھیا میں بابری مسجد کی شہادت کی 26 ویں برسی پر سیکورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے ہیں اور ضلع میں 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ دریں اثنا، بابری مسجد معاملہ کے پیروکار اقبال انصاری کو منگل کے روز پھر دھمکی آمیز خط ملا ہے، جس میں ان سے مندر مسجد کیس کو واپس لینے کو کہا گیا ہے۔ انصاری نے بتایا کہ خط سمستی پور کے بہار سے بھیجا گیا ہے اور بھیجنے والے کا نام للن یادو لکھا ہوا ہے۔

اقبال انصاری کو بھیجے گئے خط میں دھمکی بھرے لہجہ میں لکھا گیا ہے ’’اگر کیس واپس نہیں لیا تو مرنے کے لئے تیار رہنا، کوئی بچا نہیں پائے گا۔‘‘ دراصل شرپسند عناصر کی یہ پوری کوشش ہے کہ بابری مسجد رام جنم بھومی تنازعہ کو ہوا دی جائے تاکہ وہ نفرت بھرا ماحول پیدا کر سکیں۔ اقبال انصاری کو دھمکی آمیز خط بھیجنا شرپندوں کی اسی سازش کا حصہ ہے۔

اقبال انصاری کا کہنا ہے کہ وہ ایسے خطوط کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ واضح رہے کہ اقبال کی حفاظت کے لئے فی الحال دو گنر تعینات ہیں۔ اقبال نے کہا کہ انہیں پہلے بھی ایسے خطوط مل چکے ہیں اور وہ اپنی سیکورٹی کے حوالہ سے مطمئن ہیں۔

ادھر، بابری مسجد کے انہدام کی برسی 6 دسمبر کو ہندو تنظیمیں ’’سوریہ دیوس‘‘ اور مسلم تنظیمیں ’’یوم سیاہ‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کر چکی ہیں، جس کے پیش نظرت ایودھیا میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں اور جگہ جگہ چیکنگ مہم چلائی جارہی ہے۔

پولس سپرنٹنڈنٹ شہر انل کمار سسودیا نے بدھ کو یہاں یواین آئی کو بتایا کہ 6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد کے انہدام کی 26 ویں برسی پر مختلف تنظیموں نے کئی پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ اس کے مدنظر ایودھیا میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی کے لئے مقامی پولس کے علاوہ 12 اڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ، 40 سب انسپکٹر، 50 تھانہ انچارج، ایک سو کانسٹبل سمیت دس کمپنی پی اے سی، آر اے ایف کی تعینات کی گئی ہے۔ متنازعہ احاطے کے نزدیک تعینات سیکورٹی فورسیز کو مستعدی برتنے کا حکم دیاگیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Dec 2018, 6:09 PM