آئی پی ایل نیلامی: کرکٹ کو الوداع کہہ چکے ورون چکرورتی کے ’دھماکہ‘ سے سب حیران

مہنگی قیمت پر خریدے جانے کے بعد ورون چکرورتی ہوا سے باتیں کر رہے ہیں، خوابوں کی دنیا میں سیر کر رہے ہیں اور ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آئی پی ایل کی سبھی آٹھ ٹیموں نے 18 دسمبر کو جے پور میں کھلاڑیوں کے لیے بڑھ چڑھ کر بولی لگائی اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو چنا۔ 2019 میں ہونے والے آئی پی ایل کے لیے ہوئی اس نیلامی میں جہاں کئی مشہور و معروف کھلاڑی خود کی خریداری نہ ہونے سے پریشان رہے وہیں کچھ ایسے کھلاڑی بھی دیکھنے کو ملے جنھیں حیرت انگیز طریقے سے اونچی قیمت پر خریدا گیا۔ سب سے زیادہ حیران کیا کنگس الیون پنجاب نے جس نے ایک ایسے کھلاڑی پر 8.4 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جس کا کرکٹ شیدائیوں نے شاید ہی نام سنا ہو۔ یہاں بات ہو رہی ہے ورون چکرورتی کی جن کا بیس پرائس محض 20 لاکھ روپے تھا اور شاید وہ بھی یقین نہیں کر رہے ہوں گے کہ انھیں 8.4 کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے۔

مہنگی قیمت پر خریدے جانے کے بعد ورون چکرورتی ہوا سے باتیں کر رہے ہیں، خوابوں کی دنیا میں سیر کر رہے ہیں اور ان کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ساتویں آسمان پر ہوں۔ کبھی یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اس قیمت پر خریدا جاؤں گا۔ مجھے لگا تھا کہ کوئی بیس پرائس پر خریدے گا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میرے لیے یہ بڑا موقع ہے۔ میں اپنی خوشی لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا۔ میں نے آر اشون جیسے کھلاڑیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے جو کنگس الیون پنجاب کے کپتان ہیں۔ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں سے کافی کچھ سیکھ سکتا ہوں تاکہ بہتر کرکٹر بن سکوں۔‘‘

اپنی بیس پرائس سے تقریباً 40 گنا قیمت پر خریدے جانے والے اس کھلاڑی کا تعلق تمل ناڈو سے ہے اور ان کی کرکٹ زندگی بھی کم دلچسپ نہیں ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ اس کھلاڑی نے 17 سال کی عمر میں کرکٹ سے دوری اختیار کر لی تھی، لیکن جب دوبارہ 25 سال کی عمر میں کرکٹ کے میدان پر قدم رکھا تو پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنی جادوئی گیندبازی سے بلے بازوں کو پریشان کر کے رکھ دیا۔ یہ اسپن گیندباز نہ صرف اپنی گیندبازی میں ویریشن رکھتا ہے بلکہ کئی بار اسپن کھیلنے میں ماہر بلے بازوں کو حیران بھی کر دیتا ہے۔ ایسا ہی کچھ انھوں نے تمل ناڈو پریمیر لیگ اور وجے ہزاری ٹرافی میں کیا تھا، اور اس کارکردگی کو دیکھ کر ہی کنگس الیون پنجاب نے انھیں اپنی جھولی میں ڈالنے کے لیے بھاری بھرکم رقم خرچ کر ڈالی۔

آئی پی ایل نیلامی: کرکٹ کو الوداع کہہ چکے ورون چکرورتی کے ’دھماکہ‘ سے سب حیران

ورون چکرورتی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انھوں نے اپنی کرکٹ کی زندگی بطور میڈیم فاسٹ بالر شروع کی تھی لیکن ایک چوٹ کی وجہ سے انھوں نے اسپن گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ بہترین ثابت ہوا اور وہ اپنی گیندبازی میں لگاتار نئی چیزوں کو جوڑتے رہے۔ ان کے لیےوہ وقت کافی مشکل تھا جب 17 سال کی عمر میں کرکٹ چھوڑ کر پڑھائی کی طرف دھیان دینا پڑا۔ انھوں نے بارہویں مکمل کی اور پھر پانچ سالوں تک آرکیٹیکٹ کی پڑھائی کی۔ بعد ازاں وہ ملازمت بھی کرنے لگے، لیکن وہاں ان کا دل نہیں لگا۔ بالآخر 25 سال کی عمر میں ایک بار پھر انھوں نے کرکٹ کی طرف رخ کیا اور سب کو حیران کر کے رکھ دیا۔ وہ خود کہتے ہیں کہ ’’وجے ہزار ی ٹرافی میں میری کارکردگی پر آئی پی ایل ٹیموں کی نظر گئی۔ اس ٹورنامنٹ نے مجھے بہت فائدہ پہنچایا۔‘‘

دراصل وجے ہزاری ٹرافی میں ورون چکرورتی نے 4.7 کے بے حد کم اکونومی ریٹ کے ساتھ 9 وکٹ حاصل کیے تھے جس پر آئی پی ایل ٹیموں کی نظر پڑی۔ اس سے قبل تمل ناڈو پریمیر لیگ میں بھی انھوں نے لاجواب گیندبازی کرتے ہوئے محض 9 میچ میں 22 وکٹ حاصل کر لیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔