امرتسر ریل حادثے کی جانچ رپورٹ کو عام کیا جائے: کانگریس

پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے سابق سکریٹری اور ترجمان مندیپ سنگھ منا نے جمعرات کو کہا کہ پنجاب حکومت امرتسر ریل حادثے کی جانچ رپورٹ کو عام کرے۔

تصویر سوشل میڈیا 
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

امرتسر: پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے سابق سکریٹری اور ترجمان مندیپ سنگھ منا نے جمعرات کو کہا کہ پنجاب حکومت امرتسر ریل حادثے کی جانچ رپورٹ کو عام کرے۔

منا نے ضلع ڈپٹی کمشنر سے ریاستی حکومت کو میمورنڈم بھیج کرکہا کہ جانچ رپورٹ میں جن افسران کو ملزم بتایا گیا ہے ان کے خلاف فوری طورپر کارروائی کی جائے۔ تاکہ حادثے میں مارے گئے بے قصور افراد کے لواحقین کو انصاف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ حیرانی کی بات ہے کہ نرنکاری مشن آشرم میں ہوئے گرینیڈ حملے کے قصورواروں کو پولیس نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے لیکن ریل حادثے میں مارے گئے بے قصور افراد کے قاتلوں کے خلاف نہ تو ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور نہ ہی کسی کو ابھی تک گرفتار کیاگیا ہے۔ جبکہ اس معاملے کی جانچ رپورٹ پنجاب حکومت کو بھی سونپ دی گئی ہے۔

مسٹر منا نے الزام لگایا کہ حکومت کے ذریعہ متاثرین کودی گئی مالی اعانت کی رقم کے چیک بھی تاخیر سے پاس ہوئے اور زخمیوں کو بھی مفت علاج مہیا نہیں کرایا گیا۔یہاں تک کہ اسپتالوں کے منتظمین نے زخمیوں کا علاج بیچ میں چھوڑ کر انہیں اسپتالوں سے زبردستی چھٹی دے دی۔انہوں نے کہا کہ کابینہ وزیر نوجوت سنگھ سدھو اور پنجاب حکومت کے وعدے کے مطابق متاثر کنبوں کے اراکین کو سرکاری نوکری بھی نہیں ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسٹر سدھو نے متاثر کنبوں کے بچوں کو گود لینے کا اعلان کیا تھا۔لیکن آج تک ان کے ذریعہ ایک بھی بچہ گود لینے کی کوئی بھی قانونی کارروائی شروع نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہاکہ مسٹر سدھو نے صرف اور صرف اس حادثے سے اپنی اہلیہ نوجوت کور کو بچانے کےلئے لوگوں کی توجہ دوسری طرف مبذول کرنے کی کوشش کی تھی۔جس کے تحت انہوں سیاسی طورپر متاثرین کے بچوں کو گود لینے کا اعلان کردیا تھا۔اور اب وہ اس پر عمل کرنے سے بچ رہےہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔