ابھینندن سے فضائیہ کی پوچھ تاچھ مکمل، جلد طے ہوگا کب اُڑائیں گے جنگی جہاز

پاکستان کے جنگی طیارے کو مار گرانے کے بعد پیراشوٹ کے ذریعے اترنے اور دو دن تک پاکستانی فوج کی حراست میں رہنے والے فضائیہ کے پائلٹ ابھینندن سے فضائیہ و دیگر سرکاری ایجنسیوں کی پوچھ تاچھ مکمل ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: پاکستان کے ایف -16 جنگی طیارے کو مار گرانے کے بعد دشمن کے علاقے میں پیراشوٹ کے ذریعے اترنے اور دو دن تک پاکستانی فوج کی حراست میں رہنے والے فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان سے فضائیہ اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کی پوچھ تاچھ مکمل ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایئر فورس اور دیگر ا یجنسیاں گزشتہ تقریبا دس سے بھی زیادہ دنوں سے ونگ کمانڈر ابھینندن سے پوچھ تاچھ کر رہی تھیں۔ یہ پوچھ تاچھ اب مکمل ہو گئی ہے اور ڈاکٹروں کے مشورے پر وہ چار ہفتے تک صحت کی نگہداشت کے لئے چھٹی پر رہیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک طبی بورڈ ان کی میڈیکل فٹنس کی جانچ کرے گا۔ اس جانچ کی بنیاد پر ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ ونگ کمانڈر ابھینندن کب سے جنگی طیارے کے بیڑے میں واپس کام شروع کریں گے۔

پاکستان سے وطن واپسی کے بعد ونگ کمانڈر کو یہاں فوج کے ریسرچ اور ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وزیر دفاع سیتا رمن اور دفاعی وزیر مملکت ڈاکٹر سبھاش بھامرے نے اسپتال میں اس جانباز پائلٹ سے ملاقات کی تھی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات لی تھیں۔

جموں و کشمیر کے پلوامہ میں گزشتہ 14 فروری کو سینٹرل ریزرو پولس فورس کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے کے بعد فضائیہ کے جنگی طیاروں نے 26 فروری کی صبح ہی پاک مقبوضہ کشمیر کے قریب بالاكوٹ میں جنگجو تنظیم جیش محمد کے ایک بڑے کیمپ پر بمباری کر کے اسے تباہ کر دیا تھا۔ حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اس کارروائی میں بڑی تعداد میں جیش محمد کے دہشت گرد مارے گئے تھے، جس نے پلوامہ حملے کی ذمہ داری لی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Mar 2019, 9:10 PM
/* */