’دہلی کا نام اندرپرستھ رکھنے پر بدل جائے گا موسم، ہوگی بارش‘، سوامی چکرپانی مہاراج کا دلچسپ بیان

سوامی چکرپانی کا کہنا ہے کہ تومر نسل کے ایک راجہ تھے جن کے محل کا پائپ ڈھیلا تھا، جس سے انھوں نے اس کا نام ڈھیلی رکھ دیا تھا، جو بعد میں دہلی ہو گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجدھانی دہلی میں بڑھتی ہوئی گرمی کے درمیان آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے سربراہ چکرپانی مہاراج نے دلچسپ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ دہلی کا نام بدل دینے سے یہاں کے موسم کا مزاج بھی بدل جائے گا۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہلی کا نام بدل کر ’اندرپرستھ‘ رکھ دیا جائے کیونکہ نام کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ اگر دہلی کا نام بدل کر اندرپرستھ کیا جائے گا تو یہاں بارش بھی ہوگی اور خوشحالی بھی آئے گی۔

سوامی چکرپانی مہاراج کا کہنا ہے کہ جب ملک کا دل یعنی راجدھانی دہلی خوشحال رہے گی تو پورا ملک ہی خوشحال ہوگا۔ سوامی چکرپانی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ تومر نسل کے ایک راجہ تھے جن کے محل کا پائپ ڈھیلا تھا، جس سے انھوں نے اس کا نام ڈھیلی رکھ دیا تھا، جو بعد میں دہلی ہو گیا۔ وہ کہتے ہیں ’’ہمارے گھر میں جب ایک بچہ ہوتا ہے تو اس کا نام بھی ہم سنسکاروں کے حساب سے رکھتے ہیں اور یہاں تو راجہ کا پائپ ڈھیلا ہو گیا تو ڈھیلا سے ڈھیلی ہو گیا اور ڈھیلی سے دہلی ہو گیا۔ اس لیے اس کا نام بدلنا چاہیے۔‘‘ سوامی چکرپانی نے کہا ہے کہ دہلی کا نام بدلنے کے لیے وہ دستخط مہم چلائیں گے اور اس معاملے کو مرکزی حکومت کے سامنے بھی رکھیں گے۔


واضح رہے کہ دہلی میں آج جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری سلسیس رہنے کا اندازہ ہے تو وہیں کم از کم درجہ حرارت 29 ڈگری سلسیس رہ سکتا ہے۔ اس سے پہلے جمعرات کو صفدر جنگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.5 ڈگری سلسیس درج کیا گیا جو گزشتہ 12 سال میں اپریل مہینے میں سب سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دہلی میں اتوار کو جزوی طور سے بادل چھائے رہ سکتے ہیں اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی 50 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے عارضی طور پر گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */