یوگی حکومت کا جواب نہیں، ناریل ٹوٹنے کی جگہ افتتاح والی سڑک ہی ٹوٹ گئی!

پوجا پاٹھ کے بعد جب رکن اسمبلی موسم چودھری کو توڑنے کے لیے ناریل دیا گیا تو انھوں نے جیسے ہی ناریل کو سڑک پر توڑ کر افتتاح کرنے کی کوشش کی، تو ناریل ٹوٹنے کی جگہ وہاں کی سڑک ہی ٹوٹ گئی۔

بشکریہ ’آج تک‘
بشکریہ ’آج تک‘
user

تنویر

اتر پردیش میں بدعنوانی کے معاملے لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ تازہ معاملہ بجنور کا ہے جہاں سڑک تعمیر میں بدعنوانی کی تصویر سامنے آئی ہے۔ معاملہ کافی دلچسپ ہے۔ جس سڑک کے افتتاح کے لیے ناریل پھوڑا جانا تھا، وہاں پر ناریل تو نہیں پھوٹ سکا، لیکن اس جگہ کی سڑک ضرور ٹوٹ گئی۔ اس واقعہ کے بعد افسر پوری سڑک کی جانچ کی بات کہہ رہے ہیں۔ لیکن اس طرح کی بدعنوانی سے یوگی حکومت پر سوالیہ نشان ضرور لگ رہا ہے۔

اس واقعہ کے تعلق سے ایک رپورٹ ’آج تک‘ پر شائع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بدعنونای کی کہانی اتر پردیش کے ضلع بجنور کی ہے جہاں پر محکمہ آبپاشی کے ذریعہ نہر کی پٹری پر ایک کروڑ 16 لاکھ کی لاگت سے 7 کلو میٹر لمبی سڑک بنائی جانی تھی۔ یہ سڑک ہلدور کے مین چوراہے سے نوادا تُلّا گاؤں کی جانب نہر کی پٹری پر بنی تھی۔ اس پٹری کے سہارے کڑاپور، جھالپور، الیڈھا اور ہیم پور دیپا کو جوڑنا تھا۔ یہ سڑک ابھی 7 کلومیٹر کی جگہ پر محض 700 میٹر ہی بن پائی تھی کہ محکمہ نے 700 میٹر بن چکی سڑک کا افتتاح کرانے کے لیے صدر رکن اسمبلی موسم چودھری کو بلایا تھا۔


گزشتہ شام 4 بجے صدر رکن اسمبلی اپنے شوہر ایشوریہ موسم چودھری کے ساتھ سڑک کا افتتاح کرنے کے لیے پہنچ گئی تھیں۔ پوجا کے بعد جب ان کو توڑنے کے لیے ناریل دیا گیا تو رکن اسمبلی نے جیسے ہی ناریل کو سڑک پر توڑ کر افتتاح کرنے کی کوشش کی، تو ناریل ٹوٹنے کی جگہ وہاں کی سڑک ہی ٹوٹ گئی۔ ساتھ ہی وہاں بجری اکھڑ کر اِدھر اُدھر بکھر گئی۔ یہ سب دیکھ کر رکن اسمبلی ناراض ہو گئیں اور انھوں نے سڑک افتتاح کا پروگرام ملتوی کر دیا۔

اس واقعہ کے بعد گاؤں والوں کی شکایت پر سڑک کے معیار کی جانچ کرانے کے لیے رکن اسمبلی وہیں بیٹھ گئیں اور فوراً پورے معاملے سے ضلع مجسٹریٹ امیش مشرا کو مطلع کرایا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ امیش مشرا نے رکن اسمبلی کی بات سننے کے بعد پی ڈبلیو ڈی کی قیادت میں ایک ٹیم بناتے ہوئے سڑک کی جانچ کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے ٹیم کو جگہ پر بھیجا۔ وہاں پہنچی ٹیم نے رکن اسمبلی کے سامنے ہی سڑک کھود کر اس کے سیمپل لیے اور ان کو لیب میں جانچ کے لیے بھیجنے کی بات کہی۔ رکن اسمبلی سوچی موسم چودھری نے کہا کہ اس سے ہماری حکومت کی شبیہ خراب ہو رہی ہے اور جانچ کے بعد اس معاملے میں کارروائی بھی کرائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */