راہل گاندھی کے نظریات سے متاثر 85 سالہ ضعیفہ نے 50 لاکھ روپے اور 10 تولہ سونا اُن کے نام کر دیا

پشپا منجیال کی عمر بھر کی جمع پونجی 50 لاکھ روپے اور 10 تولہ سونا ہے جسے انھوں نے راہل گاندھی کے نام کر دیا ہے۔ سونے کی قیمت موجودہ قیمت کے مطابق دیکھیں تو کم از کم 5 لاکھ روپے ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بھلے ہی کانگریس پارٹی اس وقت کئی طرح کے مسائل کا سامنا کر رہی ہے، لیکن اس پارٹی، خصوصاً پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کے نظریات کو پسند کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس کی تازہ اور بہترین مثال 85 سالہ ضعیفہ پشپا منجیال ہیں جنھوں نے مادہ پرستی کی طرف بھاگ رہی دنیا کے سامنے ایسا نمونہ پیش کیا ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ پشپا منجیال نے راہل گاندھی کے نظریات سے متاثر ہو کر اپنی عمر بھر کی جمع پونجی اُن کے نام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پشپا منجیال نے باضابطہ ضلع کورٹ میں وصیت نامہ بھی دے دیا ہے۔ پیر کے روز انھوں نے سابق حزب مخالف لیڈر پریتم سنگھ کو بھی اپنا وصیت نامہ سونپ دیا۔

پشپا منجیال کی جمع پونجی 50 لاکھ روپے اور 10 تولہ سونا ہے جسے انھوں نے راہل گاندھی کے نام کر دیا ہے۔ سونے کی قیمت موجودہ قیمت کے مطابق دیکھیں تو کم از کم 5 لاکھ روپے ہوگی۔ اتنا ہی نہیں، انھوں نے 40 لاکھ روپیوں کی ایف ڈی بھی راہل گاندھی کے نام کر دی ہے۔ وہ پانچ ہزار روپے ماہانہ ’اولڈ ایج ہوم‘ کا کرایہ بھی دیتی ہیں۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق آج دوپہر پشپا نیشولا روڈ باشندہ سیما جوہر اور کانگریس کے مہانگر سربراہ لال چند شرما کے ساتھ سابق اپوزیشن لیڈر کے یمنا کالونی رہائش پہنچیں۔ یہاں انھوں نے اپنے ہاتھ سے پریتم کو اپنا وصیت نامہ سونپا۔ اس موقع پر پشپا منجیال نے کہا کہ ’’میری ساری نجی ملکیت میری موت کے بعد راہل گاندھی کو سونپ دی جائے۔ وہی میری ملکیت کے وارث ہوں گے۔‘‘ جب وہاں موجود کانگریس لیڈران نے دیکھا کہ پشپا اپنی پوری ملکیت راہل گاندھی کے نام کر رہی ہیں، تو وہ حیران ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ جب کانگریس لیڈران نے اس کی وجہ جاننی چاہی تو پشپا نے کہا کہ وہ راہل گاندھی کے نظریات سے بے حد متاثر ہیں۔ پشپا نے یہ بھی کہا کہ راہل گاندھی کے کنبہ نے ملک کی آزادی سے لے کر آج تک ہمیشہ آگے بڑھ کر ملک کے لیے اپنی اعلیٰ قربانیاں دی ہے۔ اندرا گاندھی ہو، چاہے راجیو گاندھی، انھوں نے اس ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔

ڈالنوالا میں نہرو روڈ واقع پریم دھام میں رہنے والی پشپا غیر شادی شدہ ہیں۔ ان کے کنبہ کے لوگ بھی الگ رہتے ہیں۔ ان کی بینائی بھی کمزور ہے۔ انھوں نے کانگریس لیڈروں کو بتایا کہ انھوں نے اپنی ملکیت کی تفصیل عدالت میں بھی جمع کروا دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔