بلندشہر: سلاٹر ہاؤس کے خلاف احتجاج، مظاہرین اور پولس کی جھڑپ میں انسپکٹر کی موت

اترپردیش کے ضلع بلندشہر کے سیانا علاقے میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کی مخالفت میں احتجاج کے دوران مشتعل بھیڑ کے ذریعہ کئے گئے حملے میں ایک سب انسپکٹر کی موت ہوگئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بلند شہر: اترپردیش کے ضلع بلندشہر کے سیانا علاقے میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کی مخالفت میں احتجاج کے دوران مشتعل بھیڑ کے ذریعہ کئے گئے حملے میں ایک سب انسپکٹر کی موت ہوگئی۔

بلند شہر کے ضلع مجسٹریٹ انُج جھا نے انسپکٹر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤسز کی مخالفت کر رہے لوگوں کی پولس سے جھڑپ ہوئی، جس میں گولی چلی، وہ گولی اسنپکٹر کو لگی اور وہ ہلاک ہو گئے۔

خبروں کے مطابق اجتجاج کر رہے لوگوں کو پولس نے بہت سمجھانے کی کوشش کی، اسی دوران ہجوم میں سے کسی نے گولی چلا دی، یہ گولی وہاں موجود انسپکٹر سبودھ کو جا لگی۔ بتایا جا رہا ہے کہ انسپکٹر سبودھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولس انسپکٹر کی موت کی وجہ سے ضلع کی صورت حالت بے حد نازک ہے۔ موقع پر بھاری پولس فورس کو بھیجا گیا ہے۔ ملحقہ اضلاع سے بھی پولس فورس بلند شہر کی جانب روانہ کر دی گئی ہے۔

ادھر خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق، پولس ذرائع نے بتایا کہ سیانا علاقے کے مہا گاؤں میں صبح ایک کھیت میں گائے نسل کے مویشی کے کچھ باقیات ملے تھے جسے دیکھ کر مقامی لوگ گئو کشی کے شک میں احتجاج کر رہے تھے اسی درمیان مشتعل مقامی افراد کا ساتھ دینے کچھ ہندو تنظیم کے لوگ بھی آگئے۔ مشتعل بھیڑ نے باقیات کو ٹرکٹر ٹرالی میں بھر کا سیانا بلند شہر قومی شاہراہ پر واقع چنگراٹھی پولس چوکی کے نزدیک روڈ کو جام کر دیا۔ مشتعل بھیڑ گئو اسمگلروں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہی تھی۔

پولس نے جام کھلوانے کی کوشش کی تو مشتعل بھیڑ نے پولس پر پتھراؤ کردیا۔ بھیڑنے پولس چوکی میں توڑ پھوڑ کی اور چوکی کا سامان باہر نکال کر اسے آگ کے حوالے کردیا۔

روڈ جام کرنے والی بھیڑ کو منتشر کرنے کے لئے پولس نے ہوائی فائرنگ کی لیکن بھیڑ اس قدر طیش زدہ ہوگئی کہ اس کے حملے میں سیانا کوتوالی انچارج سبودھ کمار سنگھ شدید طور سے زخمی ہوگئے۔ زخمی پولس افسر کو اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔