’مہنگائی مین مودی کا چابک پھر چلا ہے‘، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 29 روپے کے اضافہ پر کانگریس کا سخت ردعمل
کانگریس نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’اب گھریلو گیس سلنڈر 29 روپے مہنگا کر دیا گیا۔ مودی کا فنڈا صاف ہے – عوام سے وصولی کرو، امیر دوست کی تجوری بھرو۔‘‘
.jpg?rect=0%2C0%2C2000%2C1125&auto=format%2Ccompress&fmt=webp)
ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافے کے بعد اپوزیشن نے ایک بار پھر مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی ہے۔ پارٹی نے لکھا کہ ’’مہنگائی مین مودی کا چابک پھر چلا ہے۔ اب گھریلو گیس سلنڈر 29 روپے مہنگا کر دیا گیا۔‘‘ کانگریس اپنی پوسٹ میں مزید لکھتی ہے کہ ’’مودی کا فنڈا صاف ہے – عوام سے وصولی کرو، امیر دوست کی تجوری بھرو۔‘‘
گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافے پر کانگریس کے علاوہ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’روٹی کے مہنگے ہونے سے تھالی گئی روٹھ، بی جے پی سے اب تو ہر آس گئی ٹوٹ۔‘‘
واضح رہے کہ سرکاری تیل کمپنیوں نے 14.2 کلوگرام والے گھریلو ایل پی جی سلنڈروں کی قیمت میں 29 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں سلنڈر کی قیمت 913 روپے سے بڑھ کر 942 روپے ہو گئی ہے۔ دہلی میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی نئی قیمت آج یعنی 7 جون سے نافذ ہو جائے گی۔ اس سے قبل یکم جون کو 19 کلوگرام والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔ تیل کمپنیوں نے کمرشیل ایل پی جی کی قیمت میں 42 روپے کا اضافہ کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمت میں بھی 2 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا گیا تھا۔ 15 مئی سے سی این جی کی قیمتوں میں 4 الگ الگ ترامیم کے ذریعے مجموعی طور پر 6 روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
