اندور: ٹینکر اور ٹریولر گاڑی میں شدید تصادم، 6 افراد ہلاک، 17 زخمی
مدھیہ پردیش کے مانپور میں ٹریولر کے ٹینکر سے ٹکرانے کا افسوسناک حادثہ، 6 افراد ہلاک، 17 زخمی۔ تمام مسافر کرناٹک سے آئے تھے۔ زخمی اسپتال میں زیر علاج، انتظامیہ نے تحقیقات شروع کر دی

آئی اے این ایس
اندور، مدھیہ پردیش کے مانپور میں جمعہ کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ٹریولر گاڑی ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ حادثے میں 6 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ مانپور تھانہ علاقے کے راؤ-کھل گھاٹ فورلین پر بھیرو گھاٹ کے قریب پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق، جمعہ کی صبح ایک ٹریولر نے آگے چل رہی بائیک کو ٹکر مار دی، جس کے بعد وہ بائیک کو روندتے ہوئے ٹینکر سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ دیگر کئی زخمی ہو گئے۔
پولیس کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اندور کے ایم وائی اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاج کے دوران مزید دو افراد کی جان چلی گئی، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی، جبکہ 17 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کرناٹک سے تعلق رکھتے تھے اور وہ اجین میں مہاکال مندر کے درشن کے بعد واپس جا رہے تھے۔ اسی دوران یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اسپتال پہنچے اور زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔ اندور کے کلکٹر آشیش سنگھ نے بتایا کہ ٹریولر میں سوار تمام افراد کرناٹک کے رہائشی تھے اور اجین سے اومکاریشور جا رہے تھے کہ راستے میں حادثہ پیش آگیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کرناٹک پولیس کو واقعے کی مکمل اطلاع دے دی ہے، جبکہ ہلاک شدگان کی میتیں ان کے اہل خانہ تک پہنچانے کا بندوبست بھی کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔