ہند۔پاک کشیدگی: کامیڈکے سمیت کئی امتحانات کچھ شہروں میں ملتوی، کشمیری طلبا کیلئے جامعہ کا داخلہ امتحان ری شیڈیول
ہند۔پاک بڑھتی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر سی یو ای ٹی یو جی اور جے ای ای ایڈوانس داخلہ امتحانات کو بھی ٹالنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ 18 مئی کو جے ای ای ایڈوانس امتحانات ہونے جا رہے ہیں۔

طلبہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
ہندوستان-پاکستان کشیدگی کے درمیان کئی داخلہ امتحانات ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ 10 مئی کو ہونے والی کنسورٹیم آف میڈیکل انجینئرنگ اینڈ ڈینٹل کالجز آف کرناٹک (COMEDK) امتحان کئی شہروں میں ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ان میں پنجاب، گجرات، راجستھان، ہریانہ اور جموں و کشمیر کے 12 شہر شامل ہیں۔ وہیں جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) نے بھی 10 اور 11 مئی 2025 کو ہونے والے اپنے داخلہ امتحانات کو جموں و کشمیر کے طلبا کے لیے ری شیڈیول کر دیا ہے۔
یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے طلبا کے لیے ایک متبادل تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ تعلیمی سال 26-2025 کے لیے جامعہ کا داخلہ امتحان 26 اپریل سے شروع ہوا تھا اور 31 مئی تک چلے گا۔ 10 اور 11 مئی کو کئی اہم کورسیز کے امتحانات ہونے تھے۔
کامیڈکے (COMEDK) نے کہا ہے کہ ان شہروں کے لیے امتحان پھر سے منعقد کیے جائیں گے جس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد ہوگا۔ اس سال 1,31,937 طلبا نے کامیڈکے امتحان کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے۔
COMEDK UGET 2025 امتحانات گجرات کے جام نگر، ہریانہ کے امبالہ، جموں اور کشمیر کے سری نگر اور جموں، پنجاب کے لدھیانہ، بھٹنڈا، جالندھر، موہالی، پٹیالہ اور امرتسر، راجستھان کے جودھپور، بیکانیر اور شری گنگا نگر میں ملتوی کیے گئے ہیں۔
اس سے پہلے ایچ پی ٹی یو بھی ایچ پی سی ای ٹی امتحان 2025 ملتوی کر چکا ہے۔ راجستھان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس نے بھی امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 مئی سے منعقد ہونے والے سبھی امتحانات منسوخ کر دیئے گئے ہیں جس میں میڈیکل، پیرا میڈیکل اور نرسنگ وغیرہ کے امتحانات شامل ہیں۔
دی انسٹی چیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹینٹس آف انڈیا (آئی سی اے آئی) نے مئی میں ہونے والے سی اے 2025 امتحان کو ملتوی کر دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی نے 9 اور 10 مئی کو ہونے والے سبھی امتحانات منسوخ کر دیے ہیں۔ جموں و کشمیر جے کے ایس ای ٹی اور لداخ ایس ای ٹی امتحانات بھی اگلے حکم تک ملتوی ہو گئے ہیں۔
وہیں ہند۔پاک بڑھتی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر سی یو ای ٹی یو جی اور جے ای ای ایڈوانس داخلہ امتحانات کو بھی ٹالنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ 18 مئی کو جے ای ای ایڈوانس امتحانات منقعد ہونے جا رہے ہیں۔ اس امتحان کا ایڈمٹ کارڈ 11 مئی کو جاری ہوگا۔ جے ای ای-ایڈوانس کے ذریعہ ہی ملک کے آئی آئی ٹی اداروں میں داخلہ ہوتا ہے۔ وہیں سی یو ای ٹی یوجی سے ملک کی تمام مرکزی یونیورسٹی سمیت 300 سے زیادہ یونیورسٹیز کے یو جی کورسیز میں داخلہ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔