اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر راہل گاندھی کا بیان ’جس ہندوستان کے لئے آپ نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، اسے بکھرنے نہیں دوں گا‘

راہل گاندھی نے اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’’دادی، آپ کی محبت اور اقدار دونوں دل میں لے کر چل رہا ہوں۔ جس ہندوستان کے لئے آپ نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، اسے بکھرنے نہیں دوں گا‘‘

اندرا گاندھی کی فائل تصویر / Getty Images
اندرا گاندھی کی فائل تصویر / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قوم آج ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کی 38 ویں برسی پر یاد کر رہی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر سونیا گاندھی نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کی برسی کے موقع پر شکتی استھل پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔

دریں اثنا، راہل گاندھی نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران تلنگانہ میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کی برسی کے موقع پر اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت کیا۔ راہل گاندھی نے اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’’دادی، آپ کی محبت اور اقدار دونوں دل میں لے کر چل رہا ہوں۔ جس ہندوستان کے لئے آپ نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، اسے بکھرنے نہیں دوں گا۔‘‘


خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی 19 نومبر 1917 کو جواہر لال نہرو کے گھر پیدا ہوئیں۔ آپ بھی والد کی طرح سیاسی دور اندیشی کی حامل تھیں۔ صرف 11 سال کی عمر میں اندرا گاندھی نے برطانوی راج کے خلاف بچوں کی وانر سینا تشکیل دی تھی۔ وہ باضابطہ طور پر 1938 میں انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہوئیں۔ جب جواہر لال نہرو وزیر اعظم بنے تو اندرا گاندھی نے ان کے ساتھ کام کرنا شروع کر دیا۔ 1966 میں لال بہادر شاستری کی موت کے بعد اندرا گاندھی کو ملک کی وزیر اعظم بننے کا موقع ملا۔

تصویر ٹوئٹر / @INCIndia
تصویر ٹوئٹر / @INCIndia

پنجاب میں خالصتان حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور ’آپریشن بلیو اسٹار‘ سے ناراض سکھ محافظوں نے 31 اکتوبر 1984 کو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا قتل کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔