انڈیگو نے منسوخ پروازوں کے ریفنڈ کا عمل کیا مکمل، 500 کروڑ روپے سے زائد کی واپسی کا اعلان
انڈیگو نے منسوخ پروازوں کے ریفنڈ کا زیادہ تر عمل مکمل کر لیا ہے۔ کمپنی 500 کروڑ روپے سے زائد رقم واپس کرے گی اور شدید متاثرہ مسافروں کو جنوری میں معاوضہ دیا جائے گا

نئی دہلی: انڈیگو کی پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ملک کی سب سے بڑی فضائی کمپنی نے منسوخ شدہ ٹکٹوں کے ریفنڈ اور متاثرہ مسافروں کو معاوضہ دینے کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ریفنڈ کی زیادہ تر کارروائی مکمل ہو چکی ہے اور باقی ماندہ معاملات بھی جلد نمٹا دیے جائیں گے۔
پروازوں کی منسوخی کے باعث کئی مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے تھے، جس پر عوامی سطح پر ناراضگی دیکھنے میں آئی۔ معاملہ بڑھنے کے بعد حکومت اور ڈی جی سی اے کے حکام نے بھی صورت حال کا جائزہ لیا اور ایئرلائن سے وضاحت طلب کی۔ اس کے بعد انڈیگو نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ٹیمیں ریفنڈ پروسیسنگ اور معاوضے کی ادائیگی دونوں پر پوری توجہ کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
کمپنی کے مطابق دسمبر 2025 تک اس کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہے کہ تمام متاثرہ صارفین کو ان کا واجب الادا ریفنڈ بروقت اور درست طریقے سے مل جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان میں سے اکثریت کے ریفنڈ پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی بھی جلد انجام تک پہنچا دیے جائیں گے۔
انڈیگو نے مزید بتایا کہ وہ ان مخصوص پروازوں کی نشاندہی کے عمل میں مصروف ہے جن کے مسافروں کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر وہ مسافر جو طویل وقت تک مختلف ایئرپورٹس پر پھنسے رہے۔ کمپنی نے کہا کہ ایسے تمام صارفین سے جنوری میں براہِ راست رابطہ کیا جائے گا تاکہ انہیں معاوضہ دینے کا عمل آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔
ایئرلائن کے مطابق جن مسافروں کی پرواز روانگی سے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کی گئی یا جو مخصوص ایئرپورٹس پر بری طرح متاثر ہوئے، انہیں معاوضہ دیا جائے گا۔ کمپنی کا اندازہ ہے کہ مجموعی طور پر 500 کروڑ روپے سے زائد رقم ریفنڈ اور معاوضے کی صورت میں واپس کی جائے گی۔
ادھر انڈیگو نے اپنی پروازوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق 8 دسمبر کو 1700 سے زائد، 9 دسمبر کو 1800 سے زائد جبکہ 10 اور 11 دسمبر کو بالترتیب 1900 اور 1950 سے زیادہ پروازیں آپریٹ کی گئیں۔ ان اقدامات کا مقصد معمول کی خدمات بحال کرنا اور مسافروں کا اعتماد دوبارہ قائم کرنا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔