کوچی سے دہلی جا رہی انڈیگو فلائٹ میں بم کی دھمکی، ناگپور میں ایمرجنسی لینڈنگ، تمام مسافر محفوظ

کوچی سے دہلی جا رہی انڈیگو فلائٹ کو بم کی دھمکی کے بعد ناگپور میں ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا گیا اور فلائٹ اور سامان کی تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ناگپور: کوچی سے دہلی جا رہی انڈیگو ایئرلائنز کی ایک پرواز کو اس وقت ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب دورانِ پرواز بم کی دھمکی کی اطلاع موصول ہوئی۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق، سکیورٹی ایجنسیوں کی بروقت کارروائی اور الرٹ رہنے کے سبب فلائٹ نمبر کی واضح شناخت کے بعد طے شدہ حفاظتی پروٹوکول کے تحت طیارے کو فوری طور پر ناگپور ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔

فلائٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکال لیا گیا۔ جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے جہاز کا مکمل معائنہ شروع کر دیا اور آخری اطلاع موصول ہونے تک طیارہ اور سامان کی مکمل تلاشی جاری تھی تاکہ کسی بھی خطرے کو ختم کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق، دھمکی میں جس تفصیل کے ساتھ فلائٹ نمبر شامل تھا، اس نے ایجنسیوں کو معاملہ سنجیدگی سے لینے پر مجبور کیا۔ یہی وجہ ہے کہ خطرے سے پہلے ہی طیارے کو روک لیا گیا اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔


یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند روز قبل فُکیت (تھائی لینڈ) سے دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی-379 کو بھی بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔ اس دھمکی کے بعد بھی اسی طرح ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی تھی اور تمام 156 مسافروں کو محفوظ طریقے سے نکالا گیا تھا۔

حکام کے مطابق ان واقعات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔