شدید گرمی میں انڈیگو پرواز کی بجلی گل، اے سی بند ہونے سے مسافروں کی حالت خراب

وڈودرا سے دہلی جا رہی انڈیگو کی پرواز میں تکنیکی خرابی کے باعث تقریباً 25 منٹ تک بجلی اور اے سی بند رہے۔ شدید گرمی اور گھٹن سے مسافر پریشان ہو گئے، جبکہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو پرواز / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

وڈودرا سے دہلی جا رہی انڈیگو ایئرلائنز کی ایک پرواز میں شدید گرمی کے دوران اچانک بجلی بند ہو جانے سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق انڈیگو کی پرواز 6 ای 657 پیر کی رات وڈودرہ ایئرپورٹ پر روانگی سے پہلے تکنیکی خرابی کا شکار ہو گئی، جس کے بعد طیارے کے اندر بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی۔ بجلی بند ہوتے ہی طیارے کا ایئر کنڈیشننگ نظام اور کیبن کی لائٹیں بھی بند ہو گئیں، اس دوران مسافر شدید گرمی اور گھٹن میں پھنسے رہے۔

ذرائع کے مطابق رات تقریباً 8 بج کر 50 منٹ سے 9 بج کر 15 منٹ تک طیارے میں بجلی موجود نہیں تھی۔ اس دوران طیارے کے اندر اندھیرا چھا گیا اور گرمی تیزی سے بڑھنے لگی۔ کئی مسافر بے چینی کا شکار ہو گئے جبکہ کچھ لوگ فائلوں، اخباروں اور دیگر سامان سے خود کو ہوا کرتے نظر آئے۔ بند کیبن میں مسلسل بیٹھے رہنے کی وجہ سے کئی افراد کو گھٹن محسوس ہونے لگی۔


طیارے میں موجود ایک مسافر نے اس پورے واقعے کی ویڈیو اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کر لی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر اندھیرے اور گرمی کے باعث سخت پریشان ہیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایئرلائن کی انتظامی تیاریوں اور مسافروں کی سہولتوں پر سوال اٹھائے جانے لگے۔

ایئرپورٹ کے سرکاری ذرائع کے مطابق خرابی طیارے کے گراؤنڈ پاور یونٹ میں پیدا ہوئی تھی۔ اسی یونٹ کے ذریعے زمین پر کھڑے طیارے کو بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ جب طیارہ رن وے یا ٹرمینل پر کھڑا ہوتا ہے تو اس کے مرکزی انجن بند رہتے ہیں، ایسے میں گراؤنڈ پاور یونٹ ہی کیبن لائٹس، ایئر کنڈیشننگ، کاک پٹ کے نظام اور دیگر ضروری آلات کو بجلی فراہم کرتا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔