جیور ایئرپورٹ پر مئی سے شروع ہوگی اُڑان، ہر 2 منٹ میں طیارے بھریں گے پرواز!

جیور ایئرپورٹ انتظامیہ نے پہلے مرحلہ میں 17 گھریلو روٹ پر پروازیں شروع کرنے کی تجویز تیار کی ہے۔ انتظامیہ نے 3 اہم ایئرلائنز کمپنیوں کے ساتھ ابتدائی دور کی بات چیت بھی مکمل کر لی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>جیور ایئرپورٹ، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مغربی اتر پردیش کی ترقی کو جلد ہی نئی رفتار ملنے والی ہے۔ ملک کے سب سے اہم ہوابازی پروجیکٹ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ (جیور) سے کمرشیل پروازوں کے آغاز کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ حال ہی میں یمنا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ (وائی آئی اے پی ایل) کی بورڈ میٹنگ میں یہ بڑا فیصلہ لیا گیا ہے کہ آئندہ مہینے یعنی مئی کے آخر تک ایئرپورٹ سے گھریلو اور کارگو طیاروں کی پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔

جیور ایئرپورٹ انتظامیہ نے پہلے مرحلہ میں 17 گھریلو روٹس پر پروازیں شروع کرنے کی تجویز تیار کی ہے۔ اگرچہ شہروں کی حتمی فہرست ابھی جاری نہیں کی گئی، لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میں ممبئی، بنگلورو، حیدرآباد، لکھنؤ اور شمالی ہندوستان کے اہم تجارتی مراکز شامل ہوں گے۔ انتظامیہ نے اس کے لیے 3 بڑی ایئرلائنز کمپنیوں کے ساتھ ابتدائی دور کی بات چیت مکمل کر لی ہے۔ مسافروں کو کم خرچ میں سفر کی سہولت دینے کے لیے ابتدا میں ’لو-کاسٹ ایئرلائنز‘ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ گھریلو پروازوں کے کامیاب آغاز کے بعد ہی بین الاقوامی روٹس پر غور کیا جائے گا۔


بورڈ میٹنگ میں ایئرپورٹ کی صلاحیت اور توسیع سے متعلق کئی اہم تکنیکی فیصلے کیے گئے۔ اگلے 2 برسوں میں طیاروں کی پارکنگ کے لیے 25 نئے اسٹینڈ بنائے جائیں گے، جس پر تقریباً 300 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔ اس وقت 28 اسٹینڈ مکمل طور پر تیار ہیں۔ جیور ایئرپورٹ کے رَن وے اور ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نظام کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہاں سے ہر 2 منٹ میں ایک طیارہ ٹیک آف یا لینڈ کر سکے گا، جو اسے دنیا کے بہترین ایئرپورٹس کی صف میں لا کھڑا کرتا ہے۔ بزنس کلاس مسافروں کے لیے جدید لاؤنج اور پریمیم ویٹنگ زون تیار کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی ایئرپورٹ کے احاطے میں زیر تعمیر شاندار ہوٹل کو دسمبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

فضائی خدمات شروع کرنے کے لیے ضروری ’ایروڈروم لائسنس اینڈ اے ایس پی‘ سیکورٹی منظوریوں پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔ یمنا اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر ارون ویر سنگھ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے اٹھائے گئے کچھ تکنیکی اعتراضات کو دور کر لیا گیا ہے۔ اسی مہینے کے اندر تمام ضروری منظوریوں کے ملنے کی مکمل امید ہے تاکہ مئی سے بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشن شروع کیا جا سکے۔