ناگپور سے دہلی آ رہی انڈیگو فلائٹ میں آئی تکنیکی خرابی، گڈکری بھی تھے سوار

انڈیگو کے ایک ترجمان کے ذریعہ جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس میں ایک بار پھر تکنیکی خرابی کا پیغام نظر آیا جس کے بعد طیارے کو سروس سے ہٹا لیا گیا ہے اور اب اس کی مرمت کی جا رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ناگپور: طیارہ کمپنی انڈیگو کا ایک طیارہ ناگپور سے دہلی آنے والا تھا۔ آج صبح تکنیکی خرابی کی وجہ سے آخری منٹ پر پرواز نہیں بھر سکا اور اسے ’ٹیکسی وے‘ سے واپس لوٹنا پڑا۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری بھی اس طیارے میں سوار تھے۔


انڈیگو کے ایک ترجمان کے ذریعہ جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پش بیک کے بعد پائلٹ نے جب طیارے کا انجن چالو کیا تو اسکرین پر تکنیکی خرابی کا پیغام نظر آیا۔ طیارے کو ’پارکنگ بے‘ میں واپس لاکر مسافروں کو اتارا گیا اور طیارے کی دوبارہ جانچ کی گئی۔ اس میں ایک بار پھر تکنیکی خرابی کا پیغام نظر آیا جس کے بعد طیارے کو سروس سے ہٹا لیا گیا ہے اور اب اس کی مرمت کی جا رہی ہے۔

نئی دہلی میں نتن گڈکری کے دفتر کے ایک افسر نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر بھی اسی طیارے میں سوار تھے۔ میڈیا میں ایسی خبریں ہیں کہ ایئرلائن نے پرواز بھرنے کے عمل کو ادھورا چھوڑ کر واپسی کردی جبکہ ایئرلائن نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔ اس نے بتایا کہ طیارہ دہلی سے ناگپور پہنچا تھا اور اس پرواز کے دوران اس میں کوئی خرابی نہیں پائی گئی تھی۔ اسے پرواز نمبر 6 ای -636 بن کر واپس دہلی لوٹنا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔