انڈیگو کی سینکڑوں پروازیں منسوخ، مسافر پریشان، بچوں سمیت کئی خاندان گھنٹوں ایئرپورٹس پر محصور

انڈیگو کی بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں، جس کے سبب مسافر دہلی، احمد آباد، چنڈی گڑھ سمیت کئی ایئرپورٹس پر گھنٹوں پھنسے رہے۔ بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے سب سے زیادہ پریشان نظر آئے

<div class="paragraphs"><p>دہلی ایئرپورٹ پر پریشان حال مسافر / تصویر قومی آواز / وپن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک بھر میں انڈیگو ایئرلائن کی پروازوں کی منسوخی اور طویل تاخیر نے ہزاروں مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ جمعہ کو آپریشنل دقتوں کے سبب ایئرلائن نے دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ سے اپنی تمام پروازیں نصف شب تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد دیگر شہروں میں بھی افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ منگل سے اب تک انڈیگو کی ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ کئی دیگر ایئرلائنز کی پروازیں بھی تاخیر سے چل رہی ہیں۔

احمد آباد ایئرپورٹ پر سب سے زیادہ بے چینی دیکھنے میں آئی جہاں مسافر 10 سے 12 گھنٹے تک ایئرپورٹ کے اندر بیٹھے رہے۔ متعدد پروازیں اچانک منسوخ ہوئیں جبکہ کئی گھنٹوں کی تاخیر کے باوجود واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ مسافروں نے کہا کہ اگر کمپنی کو مسئلے کا علم تھا تو ٹکٹس کی فروخت کیوں جاری رکھی گئی؟

بنگلورو، دہلی اور دیگر شہروں میں بھی بڑی تعداد میں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ کئی لوگوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ناراضگی ظاہر کی جبکہ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی اور شیوسینا (یو بی ٹی) کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے بھی انڈیگو سے جواب دہی کا مطالبہ کیا ہے۔


آج تک کی رپورٹ کے مطابق، چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر بھی اسی طرح کی صورتِ حال رہی۔ ایک مسافر دیپک، جنہیں گوا جانا تھا، نے بتایا کہ پرواز اچانک منسوخ ہونے پر انہیں رات بھر رکنا پڑے گا۔ ایئرلائن نے قیام کا انتظام تو کیا لیکن وجہ واضح نہیں بتائی۔ ایک خاتون مسافر نے بتایا کہ انہیں ممبئی میں ایک شادی میں شرکت کرنی تھی مگر آخری لمحے پرواز منسوخ ہونے سے تمام منصوبہ درہم برہم ہو گیا۔

اسی طرح ایک مسافر راجیو نے بتایا کہ انہوں نے کئی دن پہلے ٹکٹ بُک کیا تھا مگر ایئرپورٹ پہنچ کر ہی پتا چلا کہ پرواز نہیں جائے گی۔ ان کے مطابق نہ کوئی رہنمائی موجود ہے اور نہ ہی اسٹاف کی مناسب تعداد۔ ایک خاندان، جس کے ساتھ ایک سال کا بچہ تھا، نے شکایت کی کہ مسلسل تاخیر اور پھر منسوخی نے انہیں شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

مختلف شہروں میں رکے ہوئے مسافروں کا مطالبہ ہے کہ انڈیگو واضح معلومات دے، شیڈول بحال کرے اور مسافروں کو مناسب سہولیات فراہم کرے، تاکہ فوری سفر کرنے والوں کو مزید مشکلات نہ اٹھانی پڑیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔