پاکستانی ہیکروں کے ہندوستانی سائبر نظام پر 15 لاکھ حملے، صرف 150 کامیاب
جنگ بندی کے بعد بھی پاکستانی ہیکر گروپوں کے ہندوستانی سائبر نظام پر 15 لاکھ حملے جاری، جن میں صرف 150 کامیاب رہے۔ ماہرین کے مطابق یہ حملے ایڈوانسڈ پرسسٹنٹ تھریٹ (اے ٹی پی) گروپ کرتے ہیں

مہاراشٹر کے سائبر محکمہ نے کہا ہے کہ پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان کی اہم سرکاری اور بنیادی ڈھانچے سے جڑی ویب سائٹس پر 15 لاکھ سے زیادہ سائبر حملے کیے گئے۔ ان حملوں کے پیچھے ایڈوانسڈ پرسسٹنٹ تھریٹ (اے ٹی پی) گروپوں کا ہاتھ ہے۔ افسروں نے پیر کو کہا کہ ان میں سے صرف 150 حملے ہی کامیاب رہے۔
مہاراشٹر سائبر کے ایڈیشنل ڈی جی پی یشسوی یادو نے بتایا کہ یہ سائبر حملے بنگلہ دیش، پاکستان، مشرق وسطیٰ اور ایک انڈونیشیائی گروپ سے شروع ہوئے۔ ان حملوں کے اپنائے گئے طریقوں میں مالویئر مہموں، ویب سائٹ کو ٹھپ کرکے (ڈی ڈی او ایس) حملے اور جی پی ایس اسپوفنگ شامل تھے۔ ہندوستانی ویب سائٹس کی شکل کو بدلنے (ڈی فیسمنٹ) کی اطلاع ملی۔
انہوں نے بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگی بندی ہونے کے باوجود ہندوستانی سرکاری ویب سائٹس پر پڑوسی ملک پاکستان، بنگلہ دیش اور مغربی ایشیائی علاقوں سے مسلسل سائبر حملے جاری ہیں۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مہاراشٹر سائبر محکمہ کے ایک سینئر افسر نے ان دعوؤں کو خارج کیا ہے کہ ہیکروں نے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ڈاٹا چرایا ہے یا ہوا بازی اور سول باڈیز کے نظام کو ہیک کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جانچ میں پایا گیا کہ ہند۔پاک کے درمیان فوجی لڑائی بند ہونے کے بعد ہندوستان کی سرکاری ویب سائٹ پر حملے کم ہوئے لیکن پوری طرح سے بند نہیں ہوئے۔ یہ حملے پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، مراقش اور مغربی ایشیائی ملکوں سے جاری ہیں۔
’روڈ آف سندور‘ نامی ایک رپورٹ میں ریاست کی نوڈل سائبر ایجنسی نے پاکستان حامی ہیکنگ گروپوں کے ذریعہ چلائی گئی سائبر مہم کی تفصیل دی ہے۔ اس رپورٹ کو ہندوستانی مسلح افواج نے دہشت گردوں کے خلاف شروع کیے گئے گئے فوجی مہم کے تحت تیار کیا ہے۔ رپورٹ کو سبھی اہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سونپا گیا ہے جس میں ریاست کے ڈی جی پی اور خفیہ محکمہ بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں اے پی ٹی 36، پاکستان سائبر فورس، ٹیم انسین پی کے، مسٹیریس بنگلہ دیش سمیت سات ہیکر گروپوں کے نام لیے گئے ہیں۔ کچھ حملوں میں کلگاؤں-بدلہ پور نگر پریشد اور جالندھر ڈیفنس نرسنگ کالج کی ویب سائٹس کی شکل کو بگاڑ دیا گیا ہے اور ممبئی ہوائی اڈہ، ٹیلی کام کمپنیوں کا ڈاٹا چوری ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ ہیکرس نے جھوٹے دعوے کیے کہ ہندوستان کے توانائی نظام، برہموس میزائل کے ٹھکانے اور سیٹلائٹس نظام کو ہیک کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر سائبر نے 5000 سے زیادہ فرضی خبریں ہٹائیں اور شہریوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر بھروسہ نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جانکاری حاصل کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔