سی اے اے اور این آرسی سے ہندوستان کی شبیہ کو بہت نقصان پہنچا: یشونت سنہا

شہریت قانون دراصل آئین کے خلاف ہی نہیں بلکہ ملک کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف بھی ہے۔ حکومت کے پاس شہریت دینے کے لئے پہلے سےہی اتنے اختیارات ہیں کہ اس قانون کی ضرورت ہی نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: بھارتیہ جنتا پارٹی سےبغاوت کرنے والے و سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے پیر کو کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت(ترمیمی)قانون(سی اے اے)اور این آر سی کے بارے میں لئےگئے غلط فیصلوں سے پیداہونے والے عوامی اشتعال سے پورے عالم میں ہندوستان کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔

یشونت سنہا نے یہاں سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے دفتر پر صحافیوں سےبات چیت میں کہا کہ سی اے اے کے حوالے سے پورے ملک میں ہورہے احتجاجی مظاہروں سے پوری دنیا میں ہندوستان کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے جس کے لئے سیدھے طور پر مرکزی اور اترپردیش کی بی جے پی سرکاریں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے اور این آر سی کے اعلان سے پورے ملک میں خوف کا ماحول ہے۔ خاص طور سے اقلیتی طبقہ ڈرا ہوا ہے۔ اور اس کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو اس خوف کے ماحول سے باہر نکالے۔ان سےبات کرے اور ان کے شہبات کا ازالہ کرے جس سے ملک میں امن وامان قائم رہ سکے۔


یشونت سنہا نے کہا کہ نریندرمودی حکومت ایک جابر حکومت ہے۔ اس کے اشارے پر اترپردیش سمیت بی جے پی کے حکمرانی والی ریاستوں میں سی اے اے اور این آر سی کے ضمن میں حالات سب سے خوف ناک ہیں۔ پر امن احتجاج کرنے والے عوام کی آواز کو دبایا جارہا ہے۔ ملک کے معاشی حالات کی فکر کرنے کے بجائے حکومت سی اے اے اور این آر سی کے ذریعہ عوام کا دھیان بھٹکانے کا کام کررہی ہے۔


سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ کی زبان ان کو زیب نہیں دیتی ہے۔ امت شاہ کہتے ہیں کہ حکومت سی اے اے واپس نہیں لے گی اور این آر سی سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ان کی یہ زبان ٹھیک نہیں ہے۔ اعلی عہدے والے وزراء کی طرز تکلم کی وجہ سے بھی ملک میں بدامنی کا ماحول ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریت(ترمیمی)قانون دراصل ملک کے آئین کے خلاف ہی نہیں بلکہ ملک کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف بھی ہے۔ حکومت کے پاس شہریت دینے کے لئے پہلے سےہی اتنے اختیارات ہیں کہ اس قانون کی ضرورت ہی نہیں ہے۔ اس موقع پر سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو بھی موجود تھے۔


قابل ذکر ہے کہ ’’گاندھی شانتی یاترا‘‘ پر نکلے سنہا نے اتوار کو اٹاوہ کے سیفئی میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی تھی بعد اذاں ان کی یاترا نے لکھنؤ کے لئے کوچ کیا تھا۔یاترا کا اختتام 30 جنوری کو دہلی میں ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔