ہندوستان کی جی ڈی پی شرح جنوری-مارچ مدت میں بڑھ کر 7.4 فیصد رہی، اس مضبوطی کی وجہ بھی آئی سامنے
وزارت شماریات کے ذریعہ حاصل اعداد و شمار کے مطابق زرعی شعبہ کی شرح ترقی مالی سال 25-2024 کے دوران 4.6 فیصد رہی، جو مالی سال 24-2023 2.7 فیصد تھی۔

ہندوستان کی جی ڈی پی شرح ترقی مالی سال 25-2024 کی چوتھی سہ ماہی (جنوری-مارچ) میں بڑھ کر 7.4 فیصد ہو گئی ہے۔ مالی سال 25-2024 کی تیسری سہ ماہی میں یہ 6.2 فیصد پر تھی۔ اس اضافہ کی وجہ زراعت، تعمیرات اور سروسز سیکٹر کی مضبوط کارکردگی ہے۔ یہ جانکاری جمعہ کے روز حکومت کی طرف سے جاری ڈاٹا میں دی گئی ہے۔ پورے مالی سال 25-2024 کی معاشی شرح ترقی 6.5 فیصد رہی ہے۔
وزارت شماریات کے ذریعہ حاصل اعداد و شمار کے مطابق زرعی شعبہ کی شرح ترقی مالی سال 25-2024 کے دوران 4.6 فیصد رہی، جو مالی سال 24-2023 2.7 فیصد تھی۔ مالی سال 25-2024 کی چوتھی سہ ماہی کے دوران زرعی شعبہ کا شرح اضافہ گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے 0.8 فیصد کے مقابلے میں بڑھ کر 5 فیصد ہو گیا۔ اسی طرح مالی سال 25-2024 میں شعبۂ تعمیرات کی شرح ترقی 9.4 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ اس کے بعد پبلک ایڈمنسٹریشن، ڈیفنس اور دیگر سروسز سیکٹڑ کا شرح اضافہ 8.9 فیصد اور فنانشیل، رئیل اسٹیٹ اور پروفیشنل سروسز سیکٹر کا شرح اضافہ 7.2 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔
مالی سال 25-2024 کی چوتھی سہ ماہی میں شعبۂ تعمیرات کے 10.8 فیصد کی شرح سے بڑھنے کا اندازہ ہے۔ اس کے بعد پبلک ایڈمنسٹریشن، ڈیفنس اور دیگر سروسز سیکٹر کا شرح اضافہ 8.7 فیصد اور فنانشیل، رئیل اسٹیٹ اور پروفیشنل سروسز سیکٹر کا شرح اضافہ 7.8 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ حکومت کے ذریعہ جاری ڈاٹا میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مالی سال 25-2024 میں ذاتی آخری مصرف خرچ میں 7.2 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ نمبر گزشتہ سال 5.6 فیصد تھا۔ یہ معیشت میں مضبوط طلب کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
زرعی شعبہ کی مضبوط کارکردگی کے علاوہ شاہراہوں، ریلوے، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں جیسے بڑے بنیادی ڈھانچہ والے پروجیکٹس میں حکومت کے ذریعہ کی گئی سرمایہ کاری نے شرح ترقی کو بڑھانے میں مدد کی ہے۔ اسی وجہ سے عالمی بحران کے دوران بھی ہندوستانی معیشت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے اندازے کے مطابق ہندوستان کی معیشت مالی سال 26-2025 میں 6 فیصد سے زیادہ کی تیزی کے ساتھ ترقی کرنے والی واحد معیشت ہوگی۔ ساتھ ہی کہا کہ ملک ایسے وقت پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے، جب دنیا کی معیشتیں امریکی ٹیرف کے سبب نشیب و فراز کا سامنا کر رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔