مادورو کی گرفتاری کے بعد ہندوستان کا پہلا ردعمل
وینزویلا میں تقریباً پچاس این آر آئیز اورتیس ہندوستانی نژاد لوگ رہتے ہیں۔ امریکی حملے کے بعد وینزویلا میں سیاسی غیر یقینی صورتحال کے بعد ہندوستان کا پہلا رد عمل۔

ہندوستان نے ہفتہ کی رات یعنی 3 جنوری کو اپنے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ وینزویلا کی صورتحال کے پیش نظر وہاں اپنے ہر طرح کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔وزارت خارجہ نے یہ ایڈوائزری وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکی گرفتاری سے متعلق پیش رفت کی روشنی میں جاری کی ہے۔ وزارت خارجہ نے وینزویلا میں تمام ہندوستانیوں سے بھی انتہائی احتیاط برتنے اور اپنی نقل و حرکت محدود کرنے کی اپیل کی ہے۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ مادورو کو کاراکاس میں ایک بڑے امریکی حملے کے دوران پکڑا لیا ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، "وینزویلا میں حالیہ پیش رفت کے پیش نظر، ہندوستانی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وہاں تمام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔"بیان میں کہا گیا ہے، "کسی بھی وجہ سے وینزویلا میں موجود تمام ہندوستانیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں، اپنی نقل و حرکت کو محدود کریں، اور ان کے ای میل cons.caracas@mea.gov.in یا ہنگامی فون نمبر +58-412-9584288 (واٹس ایپ کالز کے لیے بھی) کے ذریعے کاراکاس میں ہندوستانی سفارت خانے سے رابطہ کریں۔"
وینزویلا میں تقریباً پچاس غیر مقیم ہندوستانی یعنی این آر آئیز اور تیس ہندوستانی نژاد لوگ رہتے ہیں۔ امریکی حملے نے وینزویلا میں سیاسی غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ روس اور چین سمیت کئی بڑے ممالک نے مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لینے پر واشنگٹن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ مادورو کی گرفتاری کے بعد امریکہ اب وینزویلا کے لیے اپنی مستقبل کی حکمت عملی طے کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، "مادورو اور ان کی اہلیہ امریکی جنگی جہاز پر سوار ہیں اور انہیں نیویارک میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔