ٹسٹ رینکنگ: آسٹریلیا 2 مقام نیچے، پاکستان کا 7واں نمبر، ہندوستان بدستور سرفہرست

پاکستان کے ہاتھوں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0سے شکست کے بعد آسٹریلیا ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے تنزلی کے بعد اب پانچویں نمبر پر چلا گیا۔

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

یو این آئی

ابوظبی، 20 اکتوبر (یو این آئی) ابوظبی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف شرمناک شکست کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کی دو درجہ تنزلی ہو گئی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم سیریز جیتنے کے باوجود ساتویں پوزیشن پر ہی ہے۔ہندستان 116پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان کے ہاتھوں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0سے شکست کے بعد آسٹریلیا ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن سے تنزلی کے بعد اب پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے، آسٹریلیا نے اس سیریز کا آغاز 106پوائنٹس کے ساتھ کیا تھا اور وہ دوسری پوزیشن پر فائز جنوبی افریقہ سے صرف چنداعشاریہ پوائنٹس پیچھے تھا تاہم اس سیریز میں شکست کے بعد اب آسٹریلیا کے پوائنٹس 102ہوگئے ہیں اور وہ چوتھی پوزیشن پر موجود نیوزی لینڈ سے بھی صرف چند اعشاریہ پوائنٹس پیچھے ہے ۔

سرفراز الیون نے ٹیسٹ سیریز میں1-0سے کامیابی حاصل کرکے اپنے پوائنٹس کی تعداد81 سے 88 کرلی ہے تاہم اس کی ساتویں پوزیشن اب بھی برقرار ہے اور وہ چھٹی پوزیشن پر موجود سری لنکا سے7پوائنٹس پیچھے ہے ۔پاکستان اگر یہ سیریز2-0سے جیتتا تو سری لنکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹی پوزیشن اپنے نام کرسکتا تھا۔

عالمی درجہ بندی میں ہندستان 116پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ کے 106 پوائنٹس ہیں۔انگلینڈ اور نیوزی لینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلیا پانچویں ، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔