’اے آئی‘ کی تعلیم حاصل کرنے میں ہندوستانی طلبہ سب سے آگے، ایک سال میں 26 لاکھ نے اس کورس کا کیا انتخاب

ہندوستان میں جنریٹو اے آئی کے رجسٹریشن میں سالانہ بنیاد پر 107 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اب تک 2.6 ملین سے زائد رجسٹریشن ہو چکا ہے، جو کہ عالمی سطح پر کسی بھی ملک کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر اے آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

معروف آن لائن لرننگ پلیٹ فارم ’کورسیرا‘ نے حال ہی میں اپنی سالانہ عالمی مہارت کی رپورٹ جاری کی ہے۔ اس کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تعلیم حاصل کرنے میں ہندوستانی طلبہ دنیا کے دیگر ممالک سے کافی آگے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں جنریٹو اے آئی (جین اے آئی) کے رجسٹریشن میں سالانہ بنیاد پر 107 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے اور اب تک 2.6 ملین (26 لاکھ) سے زائد رجسٹریشن ہو چکا ہے۔ رجسٹریشن کی یہ شرح عالمی سطح پر کسی بھی ملک کے مقابلہ میں سب سے زیادہ ہے۔ ہندوستان نے کورسیرا پر کُل طلبہ کی تعداد کے معاملے میں یوروپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو ڈیجیٹل تبدیلی اور روزگار سے متعلق تعلیم کے تئیں اس کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔

کورسیرا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی لوگ کاروبار میں 18 فیصد، ٹیکنالوجی میں 22 فیصد اور ڈیٹا سائنس میں 20 فیصد مہارت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس درمیان ہندوستان کا اندازہ ہے کہ ملک کو 2026 تک 10 لاکھ اے آئی کے ہنر مند پیشہ ور افراد کی ضرورت ہوگی۔ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ ہے کہ 30 فیصد ہندوستانی کمپنی مالکان (عالمی سطح پر صرف 19 فیصد کے مقابلہ میں) ڈگری کی ضروریات کو ہٹا کر ہنر پر مبنی ملازمت کی طرف رخ کر رہے ہیں۔ کورسیرا فار کیمپس اور کورسیرا فار گورنمنٹ انڈیا کی ڈائریکٹر پراشتی رستوگی نے کہا کہ ’’ہندوستان کے ڈیجیٹل اور اے آئی عزائم قومی پالیسیوں اور سیکھنے والوں کے رویے دونوں میں واضح طور پر جھلکتے ہیں۔‘‘


ہندوستان جنریٹو اے آئی اندراج میں عالمی سطح پر سرفہرست ہے، جس میں سالانہ بنیاد پر 107 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ حالانکہ جین اے آئی سیکھنے والوں میں صرف 30 فیصد خواتین ہیں، جبکہ کُل کورسیرا رجسٹریشن میں یہ تعداد 40 فیصد ہے، جو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں صنفی فرق کو نمایاں کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں 26 لاکھ ہندوستانیوں نے جنریٹو اے آئی کورس کے لیے رجسٹریشن کرایا۔ ہندوستان نے کورس رجسٹریشن میں یورپ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے سیکھنے والوں کی تعداد کو 3 کروڑ صارفین تک آگے بڑھایا ہے۔

واضح ہو کہ پورے ملک میں 9ویں اور 10ویں جماعت کے کُل 790999 اور 11ویں و 12ویں جماعت کے کُل 50343 طلبہ نے 25-2024 میں اے آئی کورس میں رجسٹریشن کرایا۔ ملک کے 29 ہزار سی بی ایس ای اسکولوں میں اے آئی کے کورس کے لیے انفراسٹرکچر موجود ہے۔ یہ اعداد و شمار حال ہی میں لوک سبھا میں پیش کیے گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔