ہندوستانی عازمین حج کو کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لینے کی ہدایت، حج کمیٹی کا سرکلر جاری

حج کمیٹی آف انڈیا نے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے حج 2021 کے لئے درخواست دینے والے تمام ہندوستانی عازمین حج سے کورونا ٹیکے کی پہلی خوراک لینے کی اپیل کی ہے

تصویر بشکریہ ڈان نیوز
تصویر بشکریہ ڈان نیوز
user

محی الدین التمش

حج کمیٹی آف انڈیا نے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے حج 2021 کے لئے درخواست دینے والے تمام ہندوستانی عازمین حج سے کورونا ٹیکے کی پہلی خوراک لینے کی اپیل کی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر مقصود احمد خان نے سرکلر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جون کے وسط میں سعودی عربیہ کے لئے پروازیں شروع ہونے کی قوی امید ہے اور سعود عرب کے لئے سفر کرنے والے تمام مسافر بشمول عازمین حج کو کورونا ٹیکہ لگوانا ضروری ہوگا۔ اس لحاظ سے حج کمیٹی نے اس سال سفر حج پر روانہ ہونے والے تمام عازمین حج کو ویکسین لگوانے کی صلاح دی ہے۔

مقصود احمد خان نے وضاحت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال کورونا کی بدولت سعودی حکومت کی جانب سے حج 2021 کے لئے کوئی آفیشیل اطلاع مرکزی حج کمیٹی یا مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کو موصول نہیں ہوئی ہے۔ البتہ سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے قونصل جنرل جدہ انڈیا کو ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمرہ اور حج پر آنے کے خواہشمند افراد کی حفاظت کے لئے کورونا وائرس کی ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والوں کو ہی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ڈاکٹر مقصود کہا کہ اگرچہ ابھی تک سعودی عرب کی حکومت کے توسط سے سرکاری طور پر حج 2021 کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن یہ طے مانا جا رہا ہے کہ حج کے لئے آنے والے عازمین کو انسداد کورونا وائریس ویکسین لی دو ڈوز لگوا کر ہی سعودی عرب آنے کی اجازت ملے گی۔


حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او نے سرکلر پر مزید استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اس سال سفر حج کے لئے درخواست دینے والے تمام عازمین حج سے کہا گیا ہے کہ وہ وقت رہتے کورونا وائرس ویکسین کی پہلی خوراک لگوا لیں اور دوسری خوراک ایک مہینہ کے بعد لگوا لیں تاکہ حج سفر شروع ہوتے وقت کہیں ایسا نہ ہو کہ ویکسین کے نہیں لگنے کی وجہ سے حج پر جانے سے رہ جائیں۔ سی ای او مقصود احمد خان کے مطابق ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا اپنی سطح پر حج کی تیاری میں مشغول ہے اور گاہے بگاہے سفر سے متعلق تمام معلومات مسافروں کو پہنچانے کی کوشیش کر رہے ہیں۔

تاحال باہمی معاہدہ پر دسخط نہیں ہوئے

ہر سال ماہ دسمبر تک قرعہ اندازی کا عمل مکمل ہو جاتا تھا لیکن کووڈ-19 کی وجہ سے ابھی تک قرعہ اندازی نہیں ہو پائی ہے۔ دوسری جانب ابھی تک سعودی حکومت اور حکومت ہند کے درمیان باہمی معاہدہ پر بھی دستخط نہیں ہو پائے ہیں۔ دراصل، حج سے متعلق باہمی معاہدہ پر دستخط ہونے کے بعد ہی ملکی سطح پر حج کوٹے کے حوالہ سے فیصلہ کیا جاتا ہے۔ لہذا، اس سال کتنے ہندوستانی عازمین کو سفر حج نصیب ہو پائے گا تاحال یہ صاف نہیں ہے۔ خیال رہے کہ اس سال مرکزی حج کمیٹی کو 58 ہزار درخواستیں ہی موصول ہوئی ہیں، جبکہ دو سال قبل 2.5 لاکھ کے قریب درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔


عازمین حج کا تذبذب برقرار

سعودی حکومت کے اعلان کی روشنی میں اگرچہ مرکزی حج کمیٹی نے عازمین کو ٹیکہ لگانے کی ہدایت تو دے دی ہے، تاہم قرعہ اندازی اور حج کے کوٹے پر فیصلہ نہ ہونے کے سبب عازمین حج میں تذتذب برقرار ہے۔ ایسے حالات میں عازمین خود حیران ہیں کہ عین وقت پر تمام تر تیاریاں کس طرح مکمل ہو پائیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Apr 2021, 8:41 AM