ہندوستانی عازمین حج کو مشکلات کا سامنا، حکومت کے دعووں پر سوال

حکومت حاجیوں کی تعداد بڑھانے اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کررہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہاں سہولیات برائے نام ہی ہیں، حاجیوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

عارف عثمانی

دیوبند: حج کمیٹی آف انڈیا کے تحت سفر حج پر جانے والے عازمین بدنظمی کا شکا رہورہے ہیں او رمدینہ منورہ میں انہیں سخت پریشانیوں کاسامنا کرنا پڑ رہاہے۔ عازمین حج کی شکایت ہے کہ انہیں اچھا کھانا، پینے کا صاف پانی اور ہوٹل میں بہتر سہولیات میسر نہیں ہو پا رہی ہیں اور صفائی کا بھی بہتر انتظام نہیں ہے۔

ایک طرف مودی سرکار میں اقلیتی امور کے وزیر ہر سال عازمین حج کی تعداد میں اضافے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں اور دوسری طرف ایک مرتبہ پھر عازمین کے استحصال کی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔

مدینہ کے ہوٹل صفائ ڈائمند میں قیام پذیر سید وجاہت شاہ، عابدہ، عبد الوحید اور مقصودی نے بذریعہ فون نامہ نگار کو بتایا کہ انہیں مسجد نبوی سے بہت دور ہوٹل دیاگیا ہے، جس کی وجہ سے ضعیف عازمین حج کو آنے جانے میں سخت پریشانی ہورہی ہے۔ حاجیوں کو مدینہ پہنچنے کے تین دن بعد اپنا سامان دستیاب ہوسکا۔

انہوں نے مزید کہا، ’’تمام حاجیوں کا سامان ہوٹل کی لابی میں ایک کے اوپر ایک کرکے ڈال دیا گیا، جس سے حاجیوں کو اپنا اپنا سامان تلاش کرنے میں کافی مشکل ہوئی۔ بے ترتیب طریقہ سے سامان پھینکے کے سبب بہت سا سامان ٹوٹ پھوٹ بھی گیا۔ جس ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے اس کے کمرے بہت ناقص ہیں۔ صفائی کا بہتر انتظام نہیں ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’کچھ کمروں میں اے سی ہے کچھ میں نہیں ہے۔ فریج بھی موجود نہیں ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ پینے کے پانی کا بھی بہتر نظم نہیں ہے۔ کچھ لوگ رات کو ہوٹل کی سختی کے سبب پورا دن مسجد نبوی میں گزار رہے ہیں۔‘‘ معلم الحجاج دور دور تک دکھائی نہیں دیتا اور اس کے اپنے نخرے ہیں جس کے سبب حاجیوں کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘


سید وجاہت شاہ نے بتایا کہ عازمین حج اب مکہ کے لئے روانہ ہونگے جہاں ایک ماہ کا قیام ہے، جس کے لئے وہ کافی فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عازمین حج کی تعداد بڑھانے اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے دعوے تو کر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہاں سہولیات برائے نام ہی ہیں اور عازمین کو سخت پریشانیوں کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بدنظمی کا یہ عالم ہے کہ 16 جولائی کو دہلی سے روانگی کے وقت حج کمیٹی کے ذریعہ دیئے گئے کھانے میں گوشت سڑ چکا تھا! سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے ان ہندوستانی عازمین نے حج کمیٹی آف انڈیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی پریشانوں پر توجہ دے اور ان کا ازالہ کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jul 2019, 8:09 AM