ہندوستان نے پاکستان ہائی کمیشن کے چیف انچارج کو طلب کرکے احتجاج درج کیا

رواں سال پاکستان کی طرف سے اب تک جنگ بندی کی 2711 خلاف ورزیاں ہوچکی ہیں، جن میں کم از کم 21 ہندوستانی شہری ہلاک اور 94 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ہندوستان نے جموں و کشمیر میں پاکستانی فوج کے ذریعہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرکے لائن آف کنٹرول پر کی گئی فائرنگ کے خلاف احتجاج درج کرنے کے لئے پاکستان ہائی کمیشن کے انچارج سید حیدر شاہ کو طلب کیا۔

وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز ایک بیان جاری کرکے کہا کہ "ہندوستان نے پاکستانی فوج کی جانب سے جان بوجھ کر معصوم شہریوں کو نشانہ بناکر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کی ہے"۔


در اصل پاکستانی فوج نے بغیر کسی اشتعال انگیزی کے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جمعہ کی رات جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ کے گلپور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک دیہات کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی جس سے ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہوگئي۔ پاکستانی فوج کی اس فائرنگ میں مارٹر کا ایک گولہ محمد رفیق نامی ایک مقامی باشندے کے گھر پر گرا۔ مارٹر گولہ گرنے کے بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کی وجہ سے محمد رفیق (58)، اس کی اہلیہ رفیعہ بی (50) اور بیٹا عرفان (16) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

اس کے علاوہ ہندوستان نے بھی پاکستان سے ہندوستانی سرحد میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش پر بھی شدید احتجاج درج کیا۔


رواں سال پاکستان کی طرف سے اب تک جنگ بندی کی 2711 خلاف ورزیاں ہوچکی ہیں، جن میں کم از کم 21 ہندوستانی شہری ہلاک اور 94 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ ، ہندوستان نے پاکستان ہائی کمیشن کے چیف انچارج کو طلب کیا تھا اور اسلام آباد میں ہندوستانی مشن کے دو افسران کے اغواء اور تشدد کے خلاف سخت احتجاج درج کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔